مالیگاؤں: غلط ٹرین میں سوار ہونے والا نوجوان تمل ناڈو پہنچ گیا، ڈی وائی ایس پی کی کوششوں سے بحفاظت واپسی


مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) روزگار کی تلاش میں مالیگاؤں سے ممبئی جانے والا ایک نوجوان غلطی سے ایسی ٹرین میں سوار ہوگیا جو سیدھا تمل ناڈو کی جانب جا رہی تھی۔ زبان اور علاقے سے ناواقف ہونے کی وجہ سے نوجوان شدید پریشانی میں مبتلا ہوگیا جبکہ اہلِ خانہ بھی اس کے اچانک لاپتہ ہونے سے فکر مند ہوگئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ہیرہ پورہ مالیگاؤں کے ساکن مومن صارم مالک ساجد احمد (20) ملازمت کی تلاش میں ممبئی گئے تھے۔ اسی دوران جلد بازی اور معلومات کی کمی کے باعث وہ غلط ٹرین میں سوار ہوگئے۔ کئی گھنٹوں کے سفر کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ ٹرین مہاراشٹر سے نکل کر تمل ناڈو کی سمت جا رہی ہے۔ اجنبی ماحول اور زبان نہ سمجھنے کی وجہ سے نوجوان کافی خوفزدہ ہوگیا اور گھر والوں سے رابطہ کرنے میں بھی دشواری پیش آئی۔


معاملہ سامنے آنے پر اہلِ خانہ نے شفیق اینٹی کرپشن کے ہمراہ مالیگاؤں کے ڈی وائی ایس پی سدھارتھ بھروال سے ملاقات کی۔ ڈی وائی ایس پی نے فوری طور پر معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے متعلقہ پولیس اور ریلوے حکام سے رابطہ قائم کیا۔ 

مسلسل کوششوں اور بہتر رابطہ کاری کے بعد نوجوان کا مقام معلوم کیا گیا اور اسے بحفاظت واپس لانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ نوجوان کے گھر واپس پہنچنے پر اہلِ خانہ نے راحت کی سانس لی اور پولیس انتظامیہ خصوصاً ڈی وائی ایس پی سدھارتھ بھروال کا شکریہ ادا کیا۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سفر کے دوران ٹرین نمبر، روٹ اور منزل کی مکمل جانچ پڑتال ضرور کریں تاکہ اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post