رائل یونیورسل اسکول عبدالمطلب کیمپس میں عالمی یومِ ڈاکٹر منایا گیا

 

مرحوم عبدالمطلب سر کو شاندار خراجِ عقیدت، طبی تعلیم کے فروغ میں ناقابلِ فراموش خدمات

مالیگاؤں (پریس ریلیز) خاتون ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام جاری رائل یونیورسل اسکول (CBSE) عبدالمطلب کیمپس میں عالمی یومِ ڈاکٹر کے موقع پر ایک باوقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب چیئرمین رضوان عبدالمطلب کی سرپرستی، ڈائریکٹر ریحان عبدالمطلب کی رہنمائی اور پرنسپل عرفان عقیل کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا مقصد ڈاکٹروں کی بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ سے ہوا، جس کے بعد طلبہ نے عالمی یومِ ڈاکٹر کی مناسبت سے تقاریر، نظمیں اور خصوصی پیغامات پیش کیے۔ ننھے طلبہ نے ڈاکٹروں کو معاشرے کے حقیقی ہیروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات انسانیت کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں اور اپنی جان کی پروا کیے بغیر مریضوں کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر معزز مہمان ڈاکٹروں کی گلپوشی کی گئی، انہیں تعریفی اسناد اور یادگاری تحائف پیش کیے گئے، جبکہ ان کی طبی، تعلیمی اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شریک معزز شخصیات میں ڈاکٹر غزالہ، پروفیسر و سربراہ شعبہ (HOD)،(الامین یونی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل)، ڈاکٹر شبینہ کوثر، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ میڈیسن، (الامین یونی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل)، پروفیسر ڈاکٹر اسنیہا (فزیوتھراپی)، پروفیسر ڈاکٹر شرین (فزیوتھراپی)، پروفیسر ڈاکٹر مدثر (الامین یونی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل) وغیرہ۔ 

اسکول انتظامیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر کا پیشہ محض روزگار نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا عظیم مشن ہے۔ نوجوان نسل کو بھی چاہیے کہ وہ خدمتِ خلق، ایثار، دیانت داری اور انسان دوستی کو اپنی زندگی کا شعار بنائے۔ اس موقع پر مرحوم عبدالمطلب سر کو بھی بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جنہوں نے میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کی بنیاد رکھ کر مالیگاؤں شہر میں طبی تعلیم کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ آج اسی ادارے سے فارغ ہونے والے ہزاروں ڈاکٹر ملک و بیرونِ ملک طبی میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو ان کے خواب اور مشن کی عملی تعبیر ہے۔

مہمان ڈاکٹروں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے صحت مند طرزِ زندگی، صفائی، متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور معیاری تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، لگن، دیانت داری اور اعلیٰ اخلاق کے ساتھ آگے بڑھنے اور مستقبل میں انسانیت کی خدمت کے جذبے کو اپنانے کی تلقین کی۔ تقریب کے اختتام پر تمام معزز ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا گیا، ان کی صحت، کامیابی اور مزید خدمات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ 

Post a Comment

Previous Post Next Post