مالیگاؤں: بجلی کے پول شفٹ کرنے کی تیاری، صفائی میں لاپرواہی پر کونارک کمپنی کو آخری انتباہ،


میونسپل اسکولوں میں آٹھویں جماعت شروع کرنے کا اعلان، میونسپل کارپوریشن میں روانڈ ٹیبل میٹنگ 

مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن حدود میں اہم اور مصروف شاہراہوں پر نصب بجلی کے پول کو ہٹا کر مناسب مقامات پر منتقل کرنے کیلئے منصوبہ بندی کے عمل کو تیز کردیا گیا ہے۔ متعدد میٹنگوں کے بعد اب بجلی کمپنی کے افسران کے ساتھ متعلقہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پول شفٹنگ کے کام کی تیاری شروع کردی گئی ہے، تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، عوام کو آمد و رفت میں دشواری پیش نہ آئے اور پول کا سہارا لے کر کسی بھی طرح کی غیر قانونی سرگرمی انجام نہ دی جاسکے۔


یہ فیصلہ آج میونسپل کارپوریشن میں میئر نسرین شیخ کی صدارت میں منعقدہ اہم میٹنگ میں لیا گیا۔ میٹنگ میں میونسپل کمشنر، اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین اعجاز بیگ، مستقیم دگنیٹی، متعلقہ محکمہ جات کے افسران، ایم پی سی ایل بجلی کمپنی کے نمائندے اور دیگر ذمہ داران شریک تھے۔میٹنگ کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔ روزانہ تقریباً 300 میٹرک ٹن کچرا اٹھانے والی کونارک کمپنی کی کارکردگی اور شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کمپنی کو آخری انتباہ جاری کیا گیا۔ ذمہ داران نے واضح کیا کہ اگر صفائی کے انتظامات میں فوری بہتری نہیں لائی گئی تو کمپنی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

میئر نسرین شیخ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں تو کونارک کمپنی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹینڈنگ چیئرمین اعجاز بیگ کی نگرانی میں کسی بھی دن کچرا ڈپو پر کمپنی کے وزن اور صفائی نظام کا سرپرائز معائنہ کیا جاسکتا ہے۔ تعلیمی شعبہ سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے میٹنگ میں شہر کی دس میونسپل پرائمری اسکولوں میں آٹھویں جماعت شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ بتایا گیا کہ امسال سے پرائیویٹ اسکولوں کے تعاون سے سیکولر فرنٹ لیڈر آصف شیخ کی سرپرستی میں جونیئر کے جی سے لے کر بارہویں جماعت تک تعلیم فراہم کی جائے گی۔

مستقیم دگنیٹی نے کہا کہ حکومت سے 250 کروڑ روپے کا فنڈ حاصل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہر کی پرائمری اسکولوں کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے گا اور غریب طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جونیئر کے جی کیلئے صرف تین ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے جبکہ آٹھویں جماعت تک طلبہ کو مفت تعلیم دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات آصف شیخ رشید کی رہنمائی میں انجام دیئے جائیں گے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post