تعلیم کے ساتھ صفائی کا شعور، آفاق اکیڈمی منصورہ میں خصوصی مہم کا آغاز

 


مہم کا مقصد طلبہ میں نظم و ضبط، حفظانِ صحت، ماحولیاتی تحفظ اور سماجی ذمہ داری کا شعور بیدار کرنا: پرنسپل محمد شاہ نواز مدنی

مالیگاؤں (پریس ریلیز) جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی، منصورہ کے زیرِ اہتمام جاری آفاق اکیڈمی، منصورہ کیمپس میں ہیڈ آفس کی ہدایات کے مطابق پرنسپل محمد شاہ نواز مدنی اور ہیڈ آف عصری علوم انصاری عارف حسین کی نگرانی میں صفائی مہم کا آغاز کیا گیا۔ صفائی مہم پروگرام کے موقع پر طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے نے بھرپور جوش وخروش کے ساتھ مہم میں حصہ لیا۔ طلبہ نے کلاس رومز، راہداریوں، طلبہ کے ہاسٹلوں اور اسکے اردگرد، کھیل کے میدان، گارڈن اور مسجد کے اردگرد اور اسکول کیمپس کے مختلف حصوں کی صفائی کرتے ہوئے نہ صرف صفائی وستھرائی کا عملی مظاہرہ پیش کیا بلکہ حفظانِ صحت، ماحولیاتی تحفظ اور شہری ذمہ داری کے حوالے سے مثبت پیغام بھی عام کیا۔

اس موقع پر پرنسپل محمد شاہ نواز مدنی نے کہا کہ صفائی صرف ایک مہم نہیں بلکہ ایک مستقل طرزِ زندگی ہے، جسے ہر فرد کو اپنانا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں، محلوں اور اطراف کے ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ایک صحت مند، مہذب اور مثالی معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آفاق اکیڈمی میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اخلاقی، سماجی اور عملی تربیت کے لیے آئندہ بھی اس نوعیت کی بامقصد اور تعمیری مہمات کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا رہے گا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post