اوپن انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں مالیگاؤں کے محمد ذیشان اول، شہر کا نام روشن




مالیگاؤں (ایس این انصاری) شہر مالیگاؤں کے ہونہار طالب علم محمد ذیشان عرفان احمد نے ممبئی میں منعقدہ انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی، جس پر شہر بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ چیمپئن شپ سنیچر، 27 جون 2026 کو ممبئی میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف شہروں اور ریاستوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ سخت اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد محمد ذیشان نے اپنی بہترین مہارت، محنت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے اول مقام حاصل کیا۔


محمد ذیشان اس سے قبل بھی تعلقہ اور ریاستی سطح پر منعقد ہونے والے متعدد کراٹے مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں۔ کم عمری میں مسلسل کامیابیاں ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور کھیل سے وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کے روشن مستقبل کی نوید تصور کیا جا رہا ہے۔ محمد ذیشان اس وقت اے۔ٹی۔ٹی۔ ہائی اسکول، مالیگاؤں کی جماعت نہم کے طالب علم ہیں اور معروف انجینئر عرفان احمد کے فرزند ہیں۔ 


وہ تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کھیل کے شعبے میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جو نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔ محمد ذیشان کی اس شاندار کامیابی پر ان کے والدین، اساتذہ، کوچز، عزیز و اقارب اور شہر کی مختلف سماجی و تعلیمی شخصیات نے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اہلِ شہر نے امید ظاہر کی ہے کہ محمد ذیشان مستقبل میں قومی اور عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post