فارم ہاؤس پر جادو ٹونے کا پردہ فاش، 9 افراد گرفتار، مالیگاؤں پولیس کی بڑی کارروائی

 


مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مالیگاؤں تعلقہ کے مونگسے گاؤں کی حدود میں واقع ایک فارم ہاؤس پر مبینہ طور پر جاری جادو ٹونے اور توہم پرستانہ رسومات کا مالیگاؤں تعلقہ پولیس نے پردہ فاش کرتے ہوئے 9 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک مشتبہ شخص موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، 25 جون کی شب خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مونگسے کے "ایلا فارم" میں کچھ افراد غیر قانونی طور پر جادو ٹونے اور توہم پرستی پر مبنی رسومات انجام دے رہے ہیں۔ اطلاع کی بنیاد پر سینئر پولیس افسران کی ہدایت پر مالیگاؤں تعلقہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا۔

چھاپے کے دوران پولیس نے موقع سے جادو ٹونے میں استعمال ہونے والا مبینہ سامان ضبط کیا، جس میں لیموں، ہری چھڑی، ہلدی، کُم کُم، سرخ اور کالے دھاگوں میں پروئے گئے لیموں، کالی اڑد، اگربتی، رائی، تانبے کے برتن اور مختلف رنگوں کے کپڑے شامل ہیں۔ پولیس نے اس معاملے میں مہاراشٹر کے انسدادِ توہم پرستی و جادو ٹونا قانون کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے 9 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدگان کا تعلق مالیگاؤں، ناسک، پونے، ناندگاؤں اور ساکوری سے بتایا جاتا ہے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق، گرفتار افراد میں سات کا تعلق مالیگاؤں سے ہے، جبکہ دیگر ملزمان بیرونی علاقوں کے رہائشی ہیں۔ تمام ملزمان کو مالیگاؤں کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں اتوار تک پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا۔ادھر، پولیس فرار ہونے والے ایک اور مشتبہ شخص کی تلاش میں مصروف ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش مالیگاؤں تعلقہ پولیس کے ذریعے جاری ہے۔


Post a Comment

Previous Post Next Post