مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) شہر کے معروف غریب نواز ملٹی اسپیشلسٹ ہاسپٹل میں عوامی سہولت کے پیش نظر محدود دنوں کیلئے مفت ایکسرے سہولت کا آغاز کردیا گیا۔ اس سہولت کا افتتاح شہر کی معروف سماجی شخصیت حاجی مجید بکھار والے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر علماء کرام، سماجی کارکنان، ڈاکٹرس اور بڑی تعداد میں عوام الناس موجود تھے۔
اس موقع پر عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی کے نگراں حضرت مولانا سید محمد امین القادری نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور ضرورت مند افراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب نواز ملٹی اسپیشلسٹ ہاسپٹل کا قیام بھی اسی مقصد کے تحت عمل میں لایا گیا ہے تاکہ مالی اعتبار سے کمزور افراد کو معیاری علاج کم خرچ یا مفت میں فراہم کیا جاسکے۔
مولانا سید محمد امین القادری نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں طبی اخراجات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث غریب عوام بروقت علاج سے محروم ہوجاتے ہیں۔ ایسے میں ہاسپٹل انتظامیہ کی جانب سے چند دنوں کیلئے مفت ایکسرے سہولت فراہم کرنا ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔
ہاسپٹل انتظامیہ کے مطابق یہ مفت سہولت محدود مدت کیلئے جاری رہے گی، جس کے تحت مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کے جدید مشینوں کے ذریعے ایکسرے کئے جائیں گے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ ہاسپٹل میں ماہر ڈاکٹرس کی نگرانی میں علاج و معالجہ کی دیگر سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ غریب نواز ملٹی اسپیشلسٹ ہاسپٹل 50 بیڈ پر مشتمل ایک جدید طبی مرکز ہے، جہاں عوام کیلئے مختلف شعبہ جات میں معیاری طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔
Tags
Urdu