مالیگاؤں: ڈفتھیریا جیسی خطرناک بیماری سے دو معصوم بچوں کی موت، علامات ظاہر ہوتے ہی فوری ڈاکٹر سے رجوع کی ہدایت


مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) شہر کے چالیسگاؤں پھاٹہ علاقے میں ڈفتھیریا جیسی خطرناک بیماری کے سبب دو معصوم بچوں کی موت واقع ہونے سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دونوں بچے انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے جبکہ ان کے والد سنیل مداری کا کام کرکے اہل خانہ کا گزر بسر کرتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ایک بچے کی عمر تقریباً ایک سال جبکہ دوسرے کی عمر تین سال بتائی گئی ہے۔ دونوں بچوں کی طبیعت اچانک بگڑنے پر اہل خانہ انہیں فوری طور پر مالیگاؤں کے سول ہسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم علاج کے دوران دونوں معصوم بچوں نے دم توڑ دیا۔ ابتدائی طبی جانچ میں بچوں میں ڈفتھیریا جیسی خطرناک بیماری کی علامات پائی گئی تھیں، جس کے بعد محکمہ صحت بھی حرکت میں آگیا ہے۔


اس سلسلے میں سماجی کارکن شفیق شیخ (اینٹی کرپشن) نے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چالیسگاؤں پھاٹہ علاقے میں رہائش پذیر سنیل نامی شخص کے دو بچوں کی مشتبہ ڈفتھیریا بیماری کے باعث موت ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کے بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر اوم جادھو نے بھی بچوں میں خطرناک انفیکشن کی علامات ہونے کی بات کہی ہے، جس کے بعد طبی ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔


ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے متاثرہ علاقے میں سروے، طبی جانچ اور احتیاطی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ بچوں اور اہل خانہ کے رابطے میں آنے والے افراد کی بھی جانچ کی جارہی ہے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ ساتھ ہی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کی ویکسینیشن بروقت کروائیں اور بخار، گلے میں سوجن یا سانس لینے میں دشواری جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ شفیق اینٹی کرپشن نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقے میں فوری طبی کیمپ منعقد کیے جائیں اور غریب خاندان کو سرکاری امداد فراہم کی جائے۔ 

Post a Comment

Previous Post Next Post