پیپر لیک معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد 28 جون کو ہونے والا TET امتحان غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی، نئے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا
بھیونڈی (ناؤنیوزاپڈیٹ) مہاراشٹر ٹیچر ایلیجبلٹی ٹیسٹ (TET) پیپر لیک معاملہ میں بھیونڈی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمین امتحانی سوالیہ پرچے دہلی سے لاکر تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے میں فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد بھیونڈی کے کونگاؤں علاقے میں جال بچھا کر کارروائی کی گئی، جس کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار شدگان کے قبضے سے ٹی ای ٹی سوالیہ پرچے کے چار سیٹ، موبائل فون، بیگ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ سمیت دیگر اہم اشیاء برآمد کی گئی ہیں، جنہیں ضبط کرکے مزید جانچ کے لیے فارینسک لیبارٹری روانہ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمین میں راجیو شا اور آکاش کمار، جو بہار کے رہائشی ہیں، جبکہ دھیرج سنگھ، جو ہریانہ کا باشندہ ہے، شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمین امتحانی پرچہ غیر قانونی طریقے سے حاصل کرکے مخصوص امیدواروں تک پہنچانے کی تیاری میں تھے۔ اس مبینہ پیپر لیک معاملہ کے منظر عام پر آنے کے بعد مہاراشٹر اسٹیٹ کونسل آف ایگزامینیشن (MSCE) نے 28 جون کو منعقد ہونے والا ٹی ای ٹی امتحان فوری طور پر ملتوی کر دیا ہے۔ یہ امتحان ریاست بھر میں منعقد ہونا تھا، جس میں تقریباً 4 لاکھ 28 ہزار امیدوار شرکت کرنے والے تھے۔
امتحانی کونسل نے وضاحت کی ہے کہ امتحان کی شفافیت برقرار رکھنے اور معاملے کی مکمل تحقیقات کے پیش نظر امتحان ملتوی کیا گیا ہے۔ کونسل کے مطابق امیدواروں سے دوبارہ کوئی امتحانی فیس وصول نہیں کی جائے گی، جبکہ نئے امتحانی شیڈول کا اعلان جلد ہی کونسل کی سرکاری ویب سائٹ پر کیا جائے گا۔ دوسری جانب اس واقعہ کے بعد طلبہ اور والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ عوامی اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے امتحانی نظام کو مزید محفوظ، شفاف اور مضبوط بنانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ پولیس نے معاملہ کی گہرائی سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس پورے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
