مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) شہر کے سنسنی خیز ضیاء شیخ قتل معاملے میں پوار واڑی پولیس کو اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پولیس نے قتل کے الزام میں شہباز شیخ جاوید عرف “کالیا” ساکن سید پارک کو کلیان سے گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کو خفیہ اطلاع اور تکنیکی جانچ کی بنیاد پر ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال کے حکم پر ڈی وائی ایس پی کی رہنمائی اور پوار واڑی پولیس اسٹیشن کے پی آئی کی نگرانی میں تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے کلیان علاقے سے حراست میں لیا۔ گرفتار ملزم کو سخت پولیس بندوبست کے درمیان مالیگاؤں لایا گیا، جہاں اسے مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد ملزم شہباز عرف “کالیا” کو 19 مئی 2026 تک پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے تاکہ پولیس قتل کے محرکات، واردات میں استعمال ہونے والے شواہد اور دیگر ممکنہ ملزمین کے تعلق سے مزید تفتیش کرسکے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل دریگاؤں علاقے میں عبدالمطلب پیٹرول پمپ کے پیچھے واقع کوکن دری پہاڑی پر 23 سالہ ضیاء شیخ ہارون کی خون آلود لاش برآمد ہوئی تھی۔
ابتدائی جانچ میں انکشاف ہوا تھا کہ نوجوان کے سر اور چہرے پر پتھر سے حملہ کرکے بے رحمی سے قتل کیا گیا۔ واقعے کے بعد شہر کے ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے موقع واردات کا دورہ کیا تھا، جبکہ پوار واڑی پولیس ہر زاویہ سے معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم سے مسلسل پوچھ تاچھ جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس قتل معاملے میں مزید اہم انکشافات سامنے آسکتے ہیں۔
Tags
Urdu