مالیگاؤں میں 18 مئی کو پانی سپلائی بند، شہریوں کو احتیاط برتنے کی اپیل: میونسپل کمشنر

مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے محکمہ آب رسانی نے شہریوں کو اطلاع دی ہے کہ 18 مئی 2026 کو شہر کی پانی سپلائی متاثر رہے گی۔ یہ فیصلہ گرنا پمپنگ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنے والی 33 کے وی ایکسپریس لائن کے مرمتی کام اور مرکزی پانی پائپ لائن میں بڑے لیکیج کی مرمت کے سبب لیا گیا ہے۔

میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق، مہاوترن کمپنی کی طرف سے دہیول سب اسٹیشن پر تکنیکی کام انجام دیا جائے گا، جس کے باعث گرنا پمپنگ اسٹیشن کی بجلی سپلائی بند رہے گی۔ اسی دوران 71 ایم ایل ڈی واٹر ٹریٹمنٹ سینٹر سے آنے والی 1200 ملی میٹر قطر کی مرکزی پائپ لائن میں سہارا ہاسپٹل، فلائی اوور کے قریب ہونے والے بڑے لیکیج کی مرمت اور دو بلند آبی ٹینکوں کی صفائی بھی کی جائے گی۔

اس تکنیکی کام کے سبب 18 مئی کو ہونے والی پانی سپلائی اب 19 مئی کو دی جائے گی، جبکہ 19 مئی کی سپلائی 20 مئی کو فراہم کی جائے گی۔ کارپوریشن انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تمام مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد گرنا پمپنگ اسٹیشن سے حسبِ معمول دو دن کے وقفے سے پانی سپلائی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔ کمشنر مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عارضی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کا ذخیرہ کرلیں اور کارپوریشن سے تعاون کریں۔


Post a Comment

Previous Post Next Post