مہاراشٹر میں پیٹرول ڈیزل پر بڑا ایکشن! وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے سخت فیصلوں سے سرکاری نظام میں ہلچل

 

ممبئی : مہاراشٹر میں پیٹرول، ڈیزل اور سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے مقصد سے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ممبئی میں دو اہم اعلیٰ سطحی میٹنگیں کیں، جن میں ریاست کے سینئر افسران، پولیس حکام اور مختلف محکموں کے نمائندے شریک ہوئے۔ ان میٹنگوں میں کئی اہم فیصلے کیے گئے تاکہ ایندھن کی بچت، غیر ضروری خرچ میں کمی اور سرکاری نظام کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

حکومت کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایندھن اور غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کرنے کی اپیل کے بعد مہاراشٹر حکومت نے فوری کارروائی شروع کردی ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت دی کہ وہ پٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں نمایاں کمی کریں اور ضروری کاموں کیلئے ہی سرکاری گاڑیوں کا استعمال کیا جائے۔

میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ مختلف سرکاری دفاتر میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی تعداد فوری طور پر کم کی جائے گی۔ غیر ضروری دوروں اور اضافی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی تاکہ ایندھن کی بچت ہوسکے۔ اس کے علاوہ سرکاری افسران کو زیادہ سے زیادہ آن لائن میٹنگ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے تاکہ سفر کے اخراجات کم ہوں۔


وزیر اعلیٰ نے پولیس اور دیگر اہم محکموں کو بھی ہدایت دی کہ گشت اور سرکاری نقل و حرکت میں مناسب منصوبہ بندی کی جائے تاکہ کم ایندھن میں زیادہ کام انجام دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایندھن کی بچت قومی ذمہ داری ہے اور ہر محکمہ کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا کہ عوامی خدمات پر اس کا کوئی منفی اثر نہیں پڑنے دیا جائے گا۔ ضروری خدمات، ایمبولینس، سیکیورٹی اور ایمرجنسی گاڑیوں کو پہلے کی طرح مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔
سیاسی اور انتظامی حلقوں میں اس فیصلے کو ایک بڑی معاشی اور انتظامی پہل مانا جارہا ہے، جس سے نہ صرف سرکاری خرچ میں کمی آئے گی بلکہ ایندھن کی بچت کے ذریعے ریاستی وسائل کو بھی بہتر طریقے سے استعمال کیا جاسکے گا۔


Post a Comment

Previous Post Next Post