مہاراشٹر بھر میں اے ٹی ایس کا میگا کومبنگ آپریشن، ناسک و مالیگاؤں سمیت 40 سے زائد مقامات پر چھاپے


ناسک/مالیگاؤں: ریاست مہاراشٹر میں آج صبح اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) نے ناسک، مالیگاؤں، جلگاؤں، پالگھر، اکولہ اور اہلیہ نگر سمیت مختلف شہروں میں بیک وقت بڑے پیمانے پر ’میگا کومبنگ آپریشن‘ انجام دیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی پولیس کی جانب سے فراہم کردہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر یہ کارروائی انتہائی رازداری کے ساتھ کی گئی، یہاں تک کہ کئی مقامی انتظامی اداروں کو بھی اس کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔


ذرائع کے مطابق اے ٹی ایس نے ناسک کے پرانے شہر علاقے سے دو مشتبہ نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے، جبکہ ایک اور مشتبہ شخص پولیس کو مبینہ طور پر گمراہ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس کارروائی کا تعلق پاکستان کے لاہور سے وابستہ بدنام زمانہ گینگسٹر شہزاد بھٹی سے ہے، جو اس وقت دبئی میں مقیم ہے اور مبینہ طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں اور مالی فوائد کا لالچ دے کر ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اے ٹی ایس ذرائع کے مطابق اس بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مہاراشٹر کے 57 افراد کے روابط سامنے آئے ہیں، جن میں سے 47 افراد کی سرگرمیوں کی تفصیلی جانچ جاری ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے شدت پسندی اور تشدد پر اکسانے کی کوشش کی گئی۔

ناسک اور مالیگاؤں میں کئی مشتبہ مقامات پر چھاپوں کے دوران پولیس نے لیپ ٹاپ، جدید موبائل فون اور حساس نوعیت کے نقشہ جاتی دستاویزات ضبط کیے ہیں۔ حراست میں لیے گئے افراد کو مزید تفتیش کیلئے ممبئی اے ٹی ایس ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا۔ جبکہ ملی تفصیلات کے مطابق مالیگاؤں کے دونوجوانوں کو پوچھ تاچھ کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شہزاد بھٹی کے بعض بین الاقوامی جرائم پیشہ اور شدت پسند عناصر سے روابط کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ اے ٹی ایس کی اس بڑی کارروائی کے بعد ریاست کے جرائم پیشہ حلقوں میں خوف و ہراس کا ماحول پایا جا رہا ہے، جبکہ عوام میں بھی اس معاملے کو لے کر شدید تشویش دیکھی جا رہی ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post