ڈرائیور کی حاضر دماغی سے تمام مسافر محفوظ، قیمتی سامان جل کر خاک
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) ناسک کی جانب جا رہی ریاستی ٹرانسپورٹ (ایس ٹی) بس میں چاندوڑ گھاٹ کے قریب اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث بس میں سوار مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کے فوراً بعد ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کو سڑک کے کنارے روک دیا اور تمام مسافروں کو فوری طور پر نیچے اتار لیا۔
تفصیلات کے مطابق چند ہی لمحوں میں آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، اور تمام 54 مسافروں کی جان بال بال بچ گئی۔ تاہم بس میں موجود متعدد مسافروں کا قیمتی سامان آگ کی نذر ہو گیا جس سے انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے، تاہم متعلقہ حکام نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس واقعہ کے باعث کچھ دیر کے لیے ٹریفک بھی متاثر رہی، جبکہ مسافروں نے محفوظ انخلا پر ڈرائیور کی مستعدی اور بروقت کارروائی کو سراہا۔
Tags
Urdu