
ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال کی پریس کانفرنس، مالیگاؤں کو جرائم سے پاک کرنے پورے ریکیٹ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا
مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مالیگاؤں پولیس نے غیر قانونی ہتھیاروں کی فروخت اور اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے انتہائی اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ پوار واڑی اور قلعہ پولس اسٹیشن کی مشترکہ اور بروقت کارروائی کے دوران ۸ غیر قانونی پستولیں اور کارتوس برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ اس دوران پولس نے 8 ملزمان کو حراست میں لے کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔اس طرح کی تفصیلات ایڈیشنل ایس پی سراج بھاؤ صاحب گنجال نے ایک پریس بریفنگ کے دوران میڈیا کو فراہم کی ۔انہوں نے بتایا کہ پوار واڑی پولس اسٹیشن کی حدود میں واقع جونا آگرہ ہائی وے کے قریب اواڑی نالے کے پاس دو مشتبہ افراد کو غیر قانونی ہتھیاروں کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولس ٹیم نے فوری طور پر جال بچھایا اور دونوں مشتبہ افراد کو دھر دبوچا۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے دو پستولیں اور تین زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت نواز اشرف سراج احمد اور محمد رحمن نہال الدین کے طور پر ہوئی ہے، جو دونوں پوار واڑی کے ہی رہائشی ہیں۔
پولس کی سخت تفتیش اور پوچھ گچھ کے دوران گرفتار ملزمان نے ہتھیار فراہم کرنے والے اہم کارندے کا راز اگل دیا، جس کی شناخت حفظہ الرحمن محمد ادریس عرف بندوقی کے نام سے ہوئی۔ پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بندوقی کو گرفتار کر لیا، جس کے بعد اس پورے نیٹ ورک کی کڑیاں ایک ایک کر کے کھلتی چلی گئیں۔ اس کی نشاندہی پر پولس نے مزید ملزمان انصاری محمد حسین محمد یعقوب عرف سموسہ، رضوان محمد عثمان، سمیر انجم عقیل احمد عرف پان والا اور قاسم خان شکیل خان عرف قاسم گھوڑا کو بھی گرفتار کر لیا۔ اسی کڑی کے تحت ایک اور ملزم محمد عرفان محمد اسماعیل کو قلعہ پولس اسٹیشن کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ایڈیشنل ایس پی کے مطابق، اس وسیع پیمانے پر چلائے گئے آپریشن میں مجموعی طور پر ۸ غیر قانونی پستولیں اور ۸ کارتوس برآمد کیے جا چکے ہیں۔ پولس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 3/25 اور 7/25 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ پولس اب اس گینگ کے بیک ورڈ اور فارورڈ لنکس (پیچھے اور آگے کے رابطوں) کا باریک بینی سے سراغ لگا رہی ہے، اور ملزمان کی سنگین جرائم پیشگی کو دیکھتے ہوئے ان پر 'مکوکا' (MCOCA) جیسی سخت ترین دفعات کے تحت کارروائی کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اس کامیاب آپریشن کی قیادت ناسک ڈسٹرکٹ پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی ایس سوامی، ایس ڈی پی او بھر وال اور متعلقہ تھانوں کے سینئر پولیس افسران نے کی۔ پولس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان ایک منظم گینگ کے طور پر کام کر رہے تھے اور شہر میں سنگین وارداتوں کو انجام دے کر امن و امان کو سبوتاژ کرنے کے ارادے رکھتے تھے۔ پولس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہر کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے اس پورے ریکیٹ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ یہ کامیاب کارروائی مالیگاؤں میں امن و امان قائم رکھنے کے تئیں پولس کی سنجیدگی کی ایک بہترین کارکردگی مانی جارہی ہے۔