مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے عیدالاضحیٰ (بقرعید) کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ تہوار کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے علاقوں میں باقاعدگی سے گشت کی جا رہی ہے۔ لوگوں کو کھلے عام جانوروں کی قربانی نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا جا رہا ہے۔ مالیگاؤں پولیس انتظامیہ کی جانب سے ایک وسیع فلیگ مارچ نکالا گیا۔ یہ روٹ مارچ ضلع ایس پی ناسک گرامین ڈاکٹر ڈی ایس سوامی کی ہدایت پر انجام دیا گیا۔ فلیگ مارچ کی نگرانی ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال، ڈی وائی ایس پی سدھارتھ بھروال اور ڈی وائی ایس پی درشن ڈوگڈ کی رہنمائی میں کی گئی۔ اس موقع پر تمام پولیس اسٹیشنوں کے افسران، پولیس اہلکاروں، کوئیک رسپانس ٹیم اور دیگر سیکورٹی دستوں نے شرکت کی۔
روٹ مارچ کا آغاز سٹی پولیس اسٹیشن، امبیڈکر مجسمہ سے کیا گیا، جو قدوائی روڈ، محمد علی روڈ، بھکوک چوک، مشاورت چوک، مرزا غالب روڈ اور ملن ہوٹل سے گزرتا ہوا بھنگار بازار روڈ کے راستے دوبارہ سٹی پولیس اسٹیشن پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ پولیس انتظامیہ کی جانب سے حساس علاقوں میں خصوصی نگرانی رکھی جا رہی ہے جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی نظر رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی کی جا سکے۔ عیدالاضحٰی کے دوران امن و سکون برقرار رکھنے کیلئے پولیس گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تہوار کے دوران امن، بھائی چارہ اور قانون کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی غیر قانونی طور پر جانوروں کے ذبیحہ، ممنوعہ مقامات پر قربانی اور عوامی نظم و نسق میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس انتظامیہ نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر، افواہیں پھیلانے والوں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا اور شہر میں مکمل امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات نافذ رہیں گے۔
Tags
Urdu