مالیگاؤں کارپوریشن کا اہم اقدام: نشہ مکت مرکز کا قیام اور جرائم پر قابو پانے کیلئے CCTV کیمرے نصب کرنے بجٹ میں کروڑوں روپے مختص

کارپوریشن میں کمشنر، آصف شیخ، ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال اور گٹ نیتا خالد حاجی کی میٹنگ میں فیصلہ

​مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مالیگاؤں شہر کو نشہ اور جرائم سے پاک کرنے کی سمت میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن نے ایک انتہائی اہم اور بڑا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کے ایسے نوجوان اور بچے جو مختلف قسم کے نشوں (جیسے کتا گولی وغیرہ) کے عادی ہو کر ذہنی توازن کھو چکے ہیں اور بے قابو ہوچکے ہیں، ان کے علاج اور بحالی کیلئے کارپوریشن کی جانب سے ایک جدید نشہ مکتی مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کارپوریشن کے جنرل بجٹ میں باقاعدہ فنڈ کا انتظام  کیا گیا ہے۔اس طرح کی تفصیلات سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے دی ۔انہوں نے بتایا کہ شہریان کے بہتر مستقبل، حفظان صحت اور سیکورٹی کے نقطہ نظر سے بھی آج اہم فیصلہ لیا گیا۔

آصف شیخ کے مطابق ​اس سلسلے میں دوسرا بڑا فیصلہ شہر میں امن و امان قائم رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے کیا گیا ہے۔ پولس ڈپارٹمنٹ کی تیار کردہ فہرست اور تجویز کے مطابق، شہر کے جن پولس اسٹیشنوں کی حدود میں جرائم کی شرح زیادہ ہے، وہاں کے حساس چوک چوراہوں پر سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ اس اہم پروجیکٹ کیلئے بجٹ میں 2 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ ان دونوں اہم موضوعات پر تفصیلی غور و خوض اور حکمت عملی وضع کرنے کیلئے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر، ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال، ڈپٹی کمشنر کماوت میڈم اور اسلام پارٹی کے بانی و قائد آصف شیخ و کارپوریٹر خالد حاجی کے درمیان ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں شہر کی فلاح و بہبود اور نوجوان نسل کو نشے کے دلدل سے نکالنے کیلئے ان دونوں منصوبوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے کا فیصلہ ظاہر کیا گیا۔


Post a Comment

Previous Post Next Post