مالیگاؤں کی کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹی میں 6 کروڑ سے زائد کی مبینہ خردبرد، سابق منیجر کے خلاف مقدمہ درج

 


مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں کی معروف مہیش نگری کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹی لمیٹڈ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور کروڑوں روپے کے غبن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کنٹرول روم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قلعہ پولیس اسٹیشن میں سوسائٹی کے سابق منیجر پون نند کشور پروہت کے خلاف دھوکہ دہی، جعلسازی اور امانت میں خیانت کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


جگدیش بلکیسن (63 سال)، چیئرمین مہیش نگری کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹی لمٹیڈ مملدار گلی، مالیگاؤں نے پولیس کو دی گئی شکایت میں الزام عائد کیا ہے کہ ملزم پون پروہت نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف فرضی اور بے نامی کھاتے کھولے اور سوسائٹی کے کھاتہ داروں کی جمع شدہ رقوم کو غیر قانونی طور پر ان کھاتوں میں منتقل کیا۔


شکایت کے مطابق آڈٹ کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے بعض افراد اور کمپنیوں کے نام پر جعلی اکاؤنٹس تیار کیے، جن میں ٹرامانی کمپنی اور دیگر فرضی کھاتوں کا استعمال کیا گیا۔ مزید یہ کہ کئی سیونگ اور کرنٹ اکاؤنٹس بغیر مناسب دستاویزات اور کے وائی سی (KYC) کارروائی مکمل کیے کھولے گئے اور انہی کھاتوں پر قرضے بھی منظور کیے گئے۔


پولیس کے مطابق ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سوسائٹی اور اس کے کھاتہ داروں کی مجموعی 6 کروڑ 25 ہزار 227 روپے (₹6,00,25,227) کی رقم مبینہ طور پر خردبرد کی گئی۔ تفتیش کے دوران مختلف اکاؤنٹس میں رقوم کی منتقلی اور مالی بے ضابطگیوں کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ اس معاملے میں قلعہ پولیس نے جرم نمبر 106/2026 درج کرتے ہوئے ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 316(5) اور 318(3) کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے۔ مقدمے کی تفتیش پی ایس آئی چوان کے سپرد کی گئی ہے۔


پولیس کے مطابق ملزم پون نند کشور پروہت، ساکن مالیگاؤں ضلع ناسک، تاحال مفرور ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس مالیاتی لین دین اور متعلقہ دستاویزات کی تفصیلی جانچ کر رہی ہے تاکہ معاملے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔ اس بڑے مالیاتی گھپلے کے منظر عام پر آنے کے بعد سوسائٹی کے کھاتہ داروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، تاہم پولیس نے یقین دلایا ہے کہ مکمل اور غیر جانبدارانہ تفتیش کے ذریعے حقائق منظر عام پر لائے جائیں گے اور قصوروار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post