مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) سماجی خدمات، عوامی فلاح و بہبود اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرنے والی معروف سماجی کارکن اور راشٹریہ سیوا دل کی سینئر رہنما محترمہ ساجدہ نہال احمد کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں باوقار "سانے گرو جی جیون گورو سمان ایوارڈ" سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز انہیں مورخہ 4 جون کو پونے کے سانے گرو جی سمارک، سنیہا گڑھ کے معروف نیلو پھلے ہال میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں سانے گرو جی اور ایس۔ایم۔ جوشی کے افکار و نظریات سے وابستہ سماجی کارکنان، دانشوران، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران ان افراد کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا جو فرقہ پرستی کے خلاف جدوجہد، مزدوروں اور محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ اور غریب و نادار افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں۔
منتظمین نے محترمہ ساجدہ نہال احمد کی طویل سماجی خدمات، عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کی سرگرمیوں اور راشٹریہ سیوا دل میں مختلف ذمہ داریوں پر رہتے ہوئے انجام دیے گئے فلاحی کاموں کو سراہتے ہوئے انہیں "سانے گرو جی جیون گورو سمان ایوارڈ" سے نوازا۔ ایوارڈ کے اعلان کے بعد تقریب میں موجود شرکاء نے محترمہ ساجدہ نہال احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی سماجی خدمات کو قابلِ تقلید قرار دیا۔ اس موقع پر مختلف سماجی و سیاسی شخصیات نے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی عوامی خدمت اور سماجی انصاف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔
دریں اثناء سماج وادی پارٹی کے عہدیداران، ذمہ داران اور کارکنان نے بھی محترمہ ساجدہ نہال احمد کو اس اہم اعزاز کے حصول پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں اور عوامی خدمات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
Tags
Urdu