مالیگاؤں میں 100 بیڈ پر مشتمل سپراسپیشلٹی اسپتال کا سنگِ بنیاد


غریب و مستحق مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کا عزم

مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں شہر میں صحت کے شعبے میں ایک اہم اور تاریخی پیش رفت کے تحت 100 بیڈ پر مشتمل جدید سپر اسپیشلٹی اسپتال کے قیام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ بدھ 3 جون 2026 کو مالدہ علاقے میں مجوزہ اسپتال کا سنگِ بنیاد ایک پروقار تقریب کے دوران رکھا گیا، جس میں دینی، سماجی اور طبی شعبوں سے وابستہ معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریبِ سنگِ بنیاد میں دارالاحسان، باردولی (گجرات) کے مفتی محمد ابراہیم نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے دعا کے ساتھ منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ملت اسپتال جوگیشوری، ممبئی کے محمد صدیق میمن، مولانا ادریس عقیل ملی، مولانا نعیم ظفر حنیف ملی، ڈاکٹر سعید فیضی سمیت شہر کی متعدد معروف سماجی، تعلیمی اور دینی شخصیات موجود تھیں۔

الامین اسپورٹس ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام قائم کیے جانے والے اس عظیم منصوبے کے روحِ رواں اور ریٹائرڈ استاد عبدالواصف نے بتایا کہ اسپتال مکمل طور پر خیراتی بنیادوں پر قائم کیا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد غریب، مستحق اور کمزور طبقات کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضروری سرکاری منظوریوں کے حصول کے بعد آج اس منصوبے کا باضابطہ آغاز کیا گیا ہے۔ عبدالواصف کے مطابق مجوزہ کثیر المنزلہ اسپتال تقریباً 25 ہزار مربع فٹ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا، جبکہ 11 ہزار ہاؤسنگ کالونی، مالدہ کے قریب 50 ہزار مربع فٹ سے زائد تعمیراتی رقبے پر جدید طبی ڈھانچہ قائم کیا جائے گا۔

اس درمیان عثمانیہ میڈیکل اسٹور کے مالک عبدالستار نے کہا کہ مالیگاؤں کی بڑی آبادی کے باوجود شہر میں ایسا کوئی جامع اور جدید طبی مرکز موجود نہیں جہاں پیچیدہ اور سنگین امراض کا مکمل علاج ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مریضوں، خصوصاً غریب افراد کو علاج کی غرض سے ناسک، ممبئی اور دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جبکہ یہ منصوبہ اسی دیرینہ ضرورت کو پورا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس موقع پر مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے سابق اسسٹنٹ کمشنر قمرالدین شیخ نے بتایا کہ مجوزہ اسپتال میں جدید او پی ڈی اور آئی پی ڈی شعبے، مکمل طور پر لیس آپریشن تھیٹرز، جدید لیبارٹری، تشخیصی مرکز اور مختلف طبی شعبوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اور بیرونِ شہر کے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ مالیگاؤں اور اطراف کے علاقوں کے مریضوں کو اعلیٰ معیار کا علاج اپنے ہی شہر میں میسر آ سکے۔شہر کے سماجی، طبی اور عوامی حلقوں نے اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اسپتال کی تکمیل کے بعد مالیگاؤں اور اطراف کے لاکھوں افراد کو جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی، جس سے نہ صرف مقامی صحت کے نظام کو تقویت ملے گی بلکہ مریضوں کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کے سفر کی مشکلات سے بھی نجات حاصل ہوگی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post