مالیگاؤں: موٹر سائیکل چور گینگ بے نقاب، 11 گاڑیاں برآمد، دو ملزمین گرفتار، لوکل کرائم برانچ کی بڑی کارروائی


مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) شہر میں موٹر سائیکل چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کیلئے ناسک گرامین لوکل کرائم برانچ نے بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے 11 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔ اس کارروائی میں دو ملزمین کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ضبط شدہ گاڑیوں کی مجموعی مالیت تقریباً 7 لاکھ 60 ہزار روپے بتائی جارہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال کی ہدایت پر لوکل کرائم برانچ نے چھاؤنی پولیس اسٹیشن اور پوار واڑی پولیس اسٹیشن میں درج موٹر سائیکل چوری کے معاملات کی تفتیش شروع کی تھی۔ اسی دوران ایک مخبر کے ذریعے اطلاع ملی کہ ایک شخص بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل کے ساتھ موسم بس اسٹینڈ علاقے میں آنے والا ہے۔ اطلاع ملتے ہی کرائم برانچ کی ٹیم نے فوری جال بچھاتے ہوئے مشتبہ شخص کو حراست میں لیا۔

پولیس نے اس کے قبضے سے برآمد ہونے والی ہیرو ایچ ایف ڈیلکس موٹر سائیکل کے کاغذات طلب کئے، تاہم وہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ سخت پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے ایک ساتھی شہزاد احمد شکیل احمد، ساکن گولڈن نگر، کے ساتھ مل کر مالیگاؤں اور اطراف کے علاقوں سے مجموعی طور پر 11 موٹر سائیکلیں چوری کی تھیں۔پولیس کے مطابق چوری شدہ موٹر سائیکلیں فروخت کیلئے شعیب انصاری عرف پاپا چوراہا (21)، ساکن جعفر نگر، کے حوالے کی گئی تھیں۔ اس اطلاع کی بنیاد پر لوکل کرائم برانچ نے کارروائی کرتے ہوئے شعیب انصاری عرف پاپا چوراہا کو بھی حراست میں لیا اور اس کے قبضے سے مختلف کمپنیوں کی 11 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔

برآمد شدہ گاڑیوں میں 3 ہیرو ایچ ایف ڈیلکس، 3 ہونڈا یونیکورن، 2 ہونڈا شاہین، ایک ایکٹیوا، ایک ایف زیڈ اور ایک سی ڈی ڈان شامل ہیں۔ پولیس نے تمام گاڑیاں ضبط کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔واضح رہے کہ شعیب انصاری عرف پاپا چوراہا چوری شدہ موٹر سائیکلیں سستے داموں میں فروخت کیا کرتا تھا۔ جن افراد کی گاڑیاں چوری ہوئی تھیں وہ اپنے گاڑیوں کے کاغذات کے ساتھ چھاؤنی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔

پولیس انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی موٹر سائیکلیں محفوظ مقامات پر پارک کریں، گاڑیوں میں لاک سسٹم کا استعمال لازمی کریں اور کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔ پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ سستے داموں میں بغیر کاغذات کے گاڑیاں خریدنے سے گریز کریں، کیونکہ ایسی گاڑیاں چوری کی ہوسکتی ہیں۔ ساتھ ہی جن شہریوں کی موٹر سائیکلیں چوری ہوئی ہیں وہ اصل کاغذات کے ساتھ چھاؤنی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کرکے اپنی گاڑی کی شناخت کریں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post