مالیگاؤں: پرانے تنازعہ پر نوجوان پر جان لیوا حملہ، دو افراد کے خلاف مقدمہ درج


مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) شہر کے پوار واڑی علاقے میں پرانے تنازعہ کو لے کر ایک نوجوان پر جان لیوا حملے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں پوار واڑی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کنٹرول روم سے ملی تفصیلات کے مطابق اسلامیہ کالونی، جمہور نگر ساکن مزمل حسن (24) نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی موٹرسائیکل ایک دوست کو واپس کرنے کیلئے گیا تھا۔ اسی دوران سفیان کالیا عرف انور بالی کا بھتیجا اور سہیل پہلوان وہاں پہنچ گئے۔


شکایت کے مطابق ملزمین نے پرانے تنازعہ کو بنیاد بناتے ہوئے مزمل حسن سے کہا کہ “تم ہمارے دوست راشد کے ہوتے ہوئے شہزاد کے ساتھ کیوں گھومتے ہو؟” اس کے بعد دونوں نے مبینہ طور پر گالی گلوج کرتے ہوئے حملہ کردیا۔ فریادی کا الزام ہے کہ ملزمین اپنے ساتھ ریمبو چاقو اور دھاردار ہتھیار لے کر آئے تھے۔ حملے کے دوران مزمل حسن کے سر کے پچھلے حصے اور دونوں پیروں میں گھٹنوں کے اوپر وار کیا گیا، جس کے باعث وہ زخمی ہوگیا۔واقعہ کے بعد زخمی کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ پوار واڑی پولیس نے فریاد کی بنیاد پر دونوں ملزمین کے خلاف مقدمہ نمبر 116/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 118(1)، 352 اور 3(5) کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post