مالیگاؤں میں RTO اور پولیس کا میگا آپریشن، چار اہم راستوں پر سخت ناکہ بندی

حادثات کی روک تھام اور شہریوں میں بیداری پیدا کرنے کیلئے خصوصی اقدام، ٹریفک قوانین پر عمل ہر شہری کی ذمہ داری: ایڈیشنل ایس پی

مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، بغیر کاغذات چلنے والی گاڑیوں اور مشتبہ افراد پر نظر رکھنے کیلئے مالیگاؤں RTO محکمہ اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے مشترکہ کارروائی انجام دی گئی۔ اس دوران شہر کے چار اہم راستوں پر خصوصی ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ نیابس اسٹینڈ، جعفر نگر چوک، موسم پل اور دیگر اہم مقامات پر پولیس و RTO افسران کی ٹیمیں تعینات رہیں، جہاں آنے جانے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں کے دستاویزات، ڈرائیونگ لائسنس، انشورنس، نمبر پلیٹ، بغیر ہیلمٹ سفر، تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی دیگر خلاف ورزیوں کی جانچ کی گئی۔ اس دوران متعدد گاڑی مالکان کے خلاف چالان کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ بعض مشتبہ گاڑیوں کی تفصیلات بھی ریکارڈ میں درج کی گئیں.اس موقع پر موجود مالیگاؤں کے ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے بتایا کہ یہ مشترکہ مہم شہر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے، حادثات پر قابو پانے اور شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں پولیس و RTO کی جانب سے آئندہ بھی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

کارروائی کے باعث کچھ دیر کیلئے اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی رفتار سست دیکھی گئی، تاہم پولیس اہلکاروں نے صورتحال کو قابو میں رکھتے ہوئے آمد و رفت کو معمول پر بحال رکھا۔ شہریوں کی جانب سے بھی اس اقدام کو سراہا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ایسے اقدامات مستقل بنیادوں پر کئے جائیں تاکہ حادثات اور بے قاعدگیوں پر قابو پایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق اس مشترکہ کارروائی میں ایڈیشنل ایس پی، ڈی وائی آر ٹی او افسران، شہری حدود کے ڈی وائی ایس پی، ٹریفک محکمہ کے افسران اور بڑی تعداد میں پولیس اہلکار شریک تھے۔ ڈی وائی آر ٹی او کا کہنا ہے کہ قانون شکن عناصر اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مستقبل میں بھی سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post