مالیگاؤں: 56 گرام ایم ڈی پاؤڈر اور دیسی پستول سمیت نوجوان گرفتار، 20 مئی تک پولیس تحویل


مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) ریاست مہاراشٹر میں جرائم اور نشہ آور اشیاء کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت مالیگاؤں پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ایک نوجوان کو ایم ڈی پاؤڈر، بندوق اور کارتوس کے ساتھ گرفتار کرلیا ہے۔ شہر کے ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال کی جانب سے حال ہی میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس مسلسل متحرک نظر آرہی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق قلعہ پولیس اسٹیشن کے پی آئی پائل کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ گرنا پل کے قریب منصورہ علاقے میں ایک نوجوان نشہ آور اشیاء فروخت کرنے کی غرض سے آنے والا ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر پولیس ٹیم نے فوری طور پر علاقے میں جال بچھایا اور مشتبہ نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے جب گرفتار نوجوان کی تلاشی لی تو اس کے قبضے سے تقریباً 56 گرام ایم ڈی پاؤڈر کے علاوہ ایک دیسی بندوق اور کارتوس بھی برآمد ہوئے۔ اس کارروائی کے بعد پولیس نے ملزم شیخ شکیل شیخ یوسف ساکن فردوس گنج کے خلاف منشیات مخالف قانون این ڈی پی ایس ایکٹ اور آرمس ایکٹ کی دفعہ 3/25 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔


گرفتار ملزم کو آج مالیگاؤں کورٹ میں انچارج جج پمپڑے کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سرکاری وکیل کی جانب سے ملزم کے پولیس ریمانڈ کی درخواست کی گئی۔ اس موقع پر ملزم کی جانب سے ایڈوکیٹ محمد امین نے پیروی کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے ملزم پر سنگین نوعیت کا مقدمہ درج کیا ہے اور اسے جھوٹے کیس میں پھنسایا جا رہا ہے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم شیخ شکیل کو 20 مئی تک پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم صادر کیا ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش میں مصروف ہے اور اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ملزم کا تعلق کسی منظم منشیات گروہ سے تو نہیں ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post