مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) عیدالاضحٰی کے پیش نظر شہر میں امن و امان برقرار رکھنے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے مقصد سے آج پولیس کنٹرول روم کے سنسَم واد ہال میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ کی صدارت ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے کی، جس میں شہر اور اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والی مختلف گؤرکشک تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے تمام حاضرین کو قانون و ضابطے کی پابندی کرنے، سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں سے دور رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ عیدالاضحٰی کے دوران شہر میں امن و سکون برقرار رکھنا پولیس انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت میں قانون ہاتھ میں لینے یا اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ تفصیلات ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے میٹنگ کے بعد میڈیا نمائندوں کو فراہم کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی طور پر گائے کی نسل کے جانوروں کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کے مالکان کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پولیس ایسے معاملات پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر گؤرکشک تنظیموں کے نمائندوں نے بھی پولیس انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی طور پر گائے کی نسل کے جانوروں کی نقل و حمل اور ذبیحہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں تڑی پار کے نوٹس جاری کیے جائیں۔ میٹنگ میں عیدالاضحٰی کے دوران حساس مقامات پر سیکیورٹی انتظامات، پولیس گشت، نگرانی اور داخلی راستوں پر سخت ناکہ بندی کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پولیس انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ شہر کے تمام اہم داخلی راستوں پر ناکہ بندی شروع کردی گئی ہے تاکہ مشتبہ نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جاسکے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے شہر کی قریش برادری، مختلف تنظیموں کے ذمہ داران اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کے ساتھ الگ الگ میٹنگیں منعقد کی تھیں، جن میں عیدالاضحٰی کے انتظامات، صفائی ستھرائی، سلاٹر ہاؤس کے نظم و نسق اور امن و امان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
Tags
Urdu