مالیگاؤں: سول ہسپتال سے متصل راہوں نگر بستی میں بھیانک آتشزدگی، 4 مکانات جل کر خاکستر


مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) شہر کے سول ہسپتال سے متصل راہوں نگر بستی، وارڈ نمبر 8 میں پیش آنے والی بھیانک آتشزدگی کے واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے چار مکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم متاثرہ خاندانوں کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان پہنچا ہے۔ آگ کی لپیٹ میں گھریلو ساز و سامان، ضروری اشیاء اور اہم دستاویزات بھی جل کر راکھ ہوگئے۔


ذرائع کے مطابق متاثرہ مکانات میں سے ایک گھر میں آئندہ دنوں شادی کی تقریب منعقد ہونے والی تھی، جس کیلئے جمع کیا گیا مکمل سامان بھی آتشزدگی کی نذر ہوگیا، جس کے باعث اہل خانہ شدید صدمے میں ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کوشش کی جبکہ فائر بریگیڈ عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ آتشزدگی کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے، تاہم متعلقہ ادارے معاملے کی جانچ میں مصروف ہیں۔ متاثرہ خاندانوں نے انتظامیہ سے مناسب معاوضہ اور فوری امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


اس موقع پر مقامی کارپوریٹر جلیل حاجی سمیت محلہ کے نوجوانوں نے متاثرہ خاندانوں کی مدد و معاونت میں اہم کردار ادا کیا۔ نوجوانوں نے راحت رسانی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے متاثرین کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے اور سامان بچانے کی کوشش کی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post