ایک لاکھ روپے وصول کرنے اور موٹر سائیکل قبضے میں لینے کا دعویٰ، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں شہر میں ایک مزدور کو مبینہ طور پر منصوبہ بند سازش کے تحت گھر بلا کر اس کی نازیبا ویڈیو بنانے، بدنامی کی دھمکی دینے اور تین لاکھ روپے تاوان طلب کرنے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں رمضان پورہ پولیس اسٹیشن میں چار نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مختلف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شکایت کنندہ بلال احمد یاسین (48)، ساکن کمالپورہ، مالیگاؤں، نے اپنی شکایت میں الزام عائد کیا ہے کہ 12 اپریل 2026 کو شام تقریباً 6 بجے یاسمین نامی خاتون نے فون کرکے اسے چودھری سائزنگ کے قریب بلایا۔ وہاں یاسمین اور اس کی بہن فارین موجود تھیں، جنہوں نے اسے نمرہ کالونی کے ایک مکان میں آنے کے لیے کہا، شکایت کے مطابق جیسے ہی وہ مکان کے اندر پہنچا، راجو گولڈن اور اس کے ساتھ دو نامعلوم افراد اچانک وہاں آ گئے۔ انہوں نے یاسمین کے ساتھ ناجائز تعلقات کا الزام عائد کرتے ہوئے بلال احمد پر حملہ کیا اور مبینہ طور پر لات گھونسوں اور ڈنڈوں سے مارپیٹ کی۔
شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ اسی دوران خاتون نے اپنا فراک اتار دیا جبکہ ملزمان نے زبردستی شکایت کنندہ کی قمیض کے بٹن کھول دیے اور اس حالت میں ویڈیو ریکارڈ کر لی۔ بعد ازاں ملزمان نے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے اور عصمت دری کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی دھمکی دیتے ہوئے تین لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ متاثرہ شخص کے مطابق ملزمان نے اس کی یونیکورن موٹر سائیکل نمبر MH-41-BY-2764 اور گاڑی کے اصل کاغذات بھی اپنے قبضے میں لے لیے، خوف و ہراس کے باعث اس نے مختلف رشتہ داروں اور جاننے والوں سے رقم جمع کی اور 14 اپریل 2026 کو مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے راجو گولڈن کے حوالے کی، تاہم اس کے باوجود باقی رقم کے لیے مسلسل دباؤ اور دھمکیاں جاری رہیں۔
