چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر، ڈائریکٹر ریحان عبدالمطلب سر کی رہنمائی اور پرنسپل عرفان عقیل سر کی نگرانی میں تقریب کا انعقاد، طلبہ نے یوگا کے عملی مظاہرے پیش کیے
مالیگاؤں (پریس ریلیز) فلاحِ انسانیت، صحت مند طرزِ زندگی اور جسمانی و ذہنی تندرستی کے پیغام کو فروغ دینے کے مقصد سے خاتون ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیراہتمام جاری رائل یونیورسل اسکول سی بی ایس ای، عبدالمطلب کیمپس میں عالمی یومِ یوگا نہایت جوش و خروش اور جذبۂ خیر سگالی کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر منعقدہ خصوصی پروگرام چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر، ڈائریکٹر ریحان عبدالمطلب سر کی رہنمائی اور پرنسپل عرفان عقیل سر کی نگرانی میں منعقد کیا گیا، جس میں اسکول کے اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے دوران فزیکل ایجوکیشن ٹیچر عبداللہ انصاری کی نگرانی اور رہنمائی میں طلبہ نے مختلف یوگا آسنوں، تنفسی ورزشوں اور جسمانی توازن سے متعلق مشقوں کا شاندار عملی مظاہرہ پیش کیا۔ طلبہ نے نہایت نظم و ضبط اور مہارت کے ساتھ مختلف آسن انجام دیے، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر فزیکل ٹیچر عبداللہ انصاری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوگا نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بنانے میں معاون ہے بلکہ ذہنی سکون، ارتکازِ فکر اور مثبت طرزِ زندگی اپنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ روزمرہ زندگی میں صحت بخش عادات کو اپنائیں اور باقاعدہ ورزش کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
اسکول انتظامیہ نے طلبہ کو متوازن غذا، جسمانی سرگرمیوں اور صحت مند طرزِ زندگی کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا اور انہیں اپنی جسمانی و ذہنی صحت کا خصوصی خیال رکھنے کی تلقین کی۔ ساتھ ہی طلبہ کو نماز کی پابندی کی نصیحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ جسمانی صحت کے ساتھ روحانی صحت بھی بے حد ضروری ہے، اور ایک مسلمان کے لیے نماز بہترین عبادت اور روحانی سکون کا ذریعہ ہے۔پروگرام کے اختتام پر تمام شرکاء نے صحت مند اور متوازن طرزِ زندگی اختیار کرنے کا عہد کیا، جبکہ اسکول انتظامیہ نے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر تمام اساتذہ، طلبہ اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔
