کیرلا ماڈل وارڈ کا خواب: مسلم لیگ نے احتشام بیکری والا کی حمایت کا کیا اعلان


مالیگاؤں(پریس ریلیز) انڈین یونین مسلم لیگ مہاراشٹر نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن انتخابات میں وارڈ نمبر 15 سے آزاد امیدوار احتشام شیخ بیکری والا کی باضابطہ تائید و حمایت کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ کے ذمہ داران نے احتشام بیکری والا کو ایک تعلیم یافتہ، اسپورٹس سے وابستہ، سماجی خدمت گزار اور قابل امیدوار قرار دیا۔

مسلم لیگ ممبئی کے وفد میں شامل جنرل سیکریٹری مہاراشٹر عبدالرحمن سی ایچ نے اس موقع پر کہا کہ مالیگاؤں کے ایک وارڈ کو کیرلا ریاست کے ترقیاتی ماڈل پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس مقصد کے لیے احتشام بیکری والا جیسے نوجوان اور متحرک امیدوار کو کامیاب بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں کارپوریشن انتخابات میں احتشام شیخ بیکری والا نے ابتدا میں مسلم لیگ کے ٹکٹ پر امیدواری داخل کی تھی، تاہم بعض وجوہات کی بنا پر ان کا فارم رد ہو گیا۔ اس کے باوجود مسلم لیگ نے اس نوجوان امیدوار کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ کے ذمہ دار جناب ایم اے خالد نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج سیاست میں تعلیم یافتہ اور ایماندار نوجوان قیادت کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن میں صرف دیانت دار کارپورٹر ہی عوام کی صحیح نمائندگی کر سکتا ہے، جبکہ ٹھیکیداری سیاست کرپشن کو فروغ دیتی ہے۔

وارڈ نمبر 15 کے آزاد امیدوار احتشام بیکری والا نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ گزشتہ دس برسوں سے نہ صرف اپنے وارڈ بلکہ پورے شہر کے بنیادی مسائل پر زمینی سطح پر سماجی خدمات انجام دیتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد وارڈ کو مثالی بنانا، بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا، مسائل کا حل نکالنا اور عوام کو حقیقی راحت پہنچانا ہے۔اس موقع پر مہاراشٹر مسلم لیگ کے ریاستی ذمہ داران، مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے صدر و اراکین، محلہ کی معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے