منصورہ پالی ٹیکنیک میں سالِ اول کے طلبہ کے لیے شاندار افتتاحی و استقبالیہ تقریب


"انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے انجینئرنگ زندگی کے ہر شعبہ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے" جناب ارشد مختار (چیئرمین ،جامعہ محمدیہ)

مالیگاؤں (پریس ریلیز) جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی (منصورہ) کے زیر اہتمام جاری مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس (MMANTC) کے پالی ٹیکنیک میں سالِ اول ڈپلومہ انجینئرنگ میں داخل ہونے والے طلبہ و طالبات کیلئے بروز بدھ، 30 جولائی 2025 کو ایک شاندار افتتاحی و استقبالیہ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ 

جامعہ کے چیئرمین جناب ارشد مختار صاحب نے اپنے بصیرت افروز خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں دیانت دار، باصلاحیت اور مخلص انجینئروں کی معاشرے کو شدید ضرورت ہے۔ انجینئرنگ نہ صرف تکنیکی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ انسانیت کی خدمت کا مؤثر راستہ بھی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نیک نیتی، خیرخواہی اور عملی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئرنگ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شاہ عقیل احمد نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور ادارے کی نمایاں کارکردگی اور کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ ساتھ ہی، طلبہ و سرپرستوں کے سامنے کالج ہذاکی تعلیمی خدمات اور مستقبل کے عزائم کو پیش کیا۔ پالی ٹیکنیک کے پرنسپل ڈاکٹر یعقوب انصاری نے کالج ہذا کے تعلیمی نظم و ضبط، معیاری تدریس ، انڈسٹری کے مطابق عملی تربیت اور طلبہ کو روزگار سے جوڑنے کی کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد طلبہ کو صرف تعلیمی مواد سکھانا نہیں بلکہ انہیں خوداعتماد، باشعور اور عملی میدان کے لیے تیار کرنا ہے۔

 ڈاکٹر آصف رسول (ہیڈ، ڈیپارٹمنٹ آف اپلائیڈ سائنس) نے نئے طلبہ و ان کے سرپرستوں کا پرتپاک استقبال کیا اور سالِ اول کےاساتذہ کرام کا تعارف کراتے ہوئے گزشتہ سال کے شاندار نتائج پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سالِ اول میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ٹاپرس اور مختلف مضامین کے ٹاپرس طلبہ کو اعزازات اور سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک مع ترجمہ سے ہوا، جسے پروفیسر حافظ محمد انس نے پیش کیا۔ بعد ازاں تقریب کی نظامت کرتے ہوئے ڈاکٹر راغب ندیم نے مہمانانِ خصوصی کا تعارف پیش کیا۔ اس پروگرام کے اختتام پر ڈین اکیڈمکس ڈاکٹر سلمان بیگ نے تمام مہمانان، اساتذہ، طلبہ اور سرپرستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کے کامیاب انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے