مالیگاؤں: قرض کی دھمکی کے بعد جنسی استحصال، رمضان پورہ پولیس اسٹیشن میں ملزم شفیق رانا کے خلاف سنگین مقدمہ درج


مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مالیگاؤں کے رمضان پورہ علاقے سے ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے جس میں 40 سالہ خاتون نے ایک شخص پر جنسی زیادتی اور دھمکی آمیز رویے کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے رمضان پورہ پولیس اسٹیشن میں ملزم شفیق احمد محمد اسماعیل عرف رانا کے خلاف باضابطہ شکایت درج کروائی ہے۔

شکایت کنندہ کے بیان کے مطابق، شفیق احمد نے قرض کی رقم کے بدلے دھمکی دی کہ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو وہ متاثرہ کو بدنام کرے گا اور جھوٹا مقدمہ درج کروا کر اسے گرفتار کروادے گا۔ تاہم، یہ معاملہ محض مالی تنازع تک محدود نہ رہا۔ رمضان پورہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق، شفیق احمد نے بارہا متاثرہ کا جسمانی استحصال کیا، نہ صرف اس کا ہاتھ پکڑا بلکہ اس کے ساتھ نازیبا حرکات بھی کیں۔ مزید یہ کہ اس نے متاثرہ کو کارخانے کی اوپری منزل پر واقع آفس میں لے جا کر وقفے وقفے سے زبردستی جنسی تعلق قائم کیا۔

متاثرہ کی شکایت پر رمضان پورہ پولیس نے ملزم کے خلاف گناہ رجسٹریشن نمبر 57/25 کے تحت تعزیرات ہند کی دفعات (2)64 74,351M کے تحت مقدمہ درج کیا۔ اس کے بعد شفیق احمد عرف رانا کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں معزز جج نے اسے دو دن کی پولیس تحویل میں دینے کا حکم دیا ہے۔ پولیس تحقیقات جاری ہیں اور متاثرہ کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، ملزم شفیق احمد محمد اسماعیل عرف رانا نہ صرف مقامی ایم ایل اے کی ورکنگ کمیٹی کا اہم رکن ہے بلکہ ایک سماجی تنظیم 'ادارہ ابراہیم' کا صدر بھی ہے۔ اس کے اثر و رسوخ کے باوجود متاثرہ نے ہمت کے ساتھ شکایت درج کروا کر انصاف کی لڑائی کا آغاز کیا ہے۔


پولیس کے مطابق، تفتیش جاری ہے اور متاثرہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اس واقعے نے مالیگاؤں کے سماجی و سیاسی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، اور شہریان کی جانب سے ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ اس حکم کے بعد عدالت کے باہر ملزم شفیق احمد محمد اسماعیل عرف رانا نے کہا کہ خاتون کو لگا کر مجھ پر جھوٹا مقدمہ درج کروا گیا ہے۔ مجھے اللہ کی ذات پر اور عدالت پر پورا بھروسہ ہے انصاف ملے گا۔ 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے