مالیگاؤں: حاجیوں کو لانے جارہا قافلہ المناک حادثے کا شکار، 12 سالہ بچی جاں بحق، متعدد زخمی


مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مالیگاؤں سے حاجیوں کو استقبال کے لیے ممبئی ایئرپورٹ جانے والا قافلہ آج صبح ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہوگیا۔ یہ دلخراش واقعہ صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے چاندوڑ کے قریب اس وقت پیش آیا جب نبو پہلوان فیملی کی ٹویرا گاڑی (MH 46 N6244) بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ حادثے میں ایک 12 سالہ معصوم بچی، عمیمہ یاسین احمد، موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ دیگر کئی افراد شدید زخمی ہوگئے۔

مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ابتدائی طور پر چاندوڑ کے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں بہتر طبی سہولیات کی خاطر انہیں مالیگاؤں کے فاران ہاسپٹل اور شفاء ہاسپٹل روانہ کیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی نبو پہلوان فیملی کے رشتہ داروں اور شہر کے شہریوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی سماجی کارکنان نے فوری طور پر حرکت میں آئے اور متاثرین کو طبی امداد، رہائش اور دیگر ضروریات کی فراہمی میں سرگرم نظر آئے۔


ایمبولینس ڈرائیور عبدالستار نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے نمائندے کو فون پر مطلع کیا کہ گاڑی کی اسٹیرنگ میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کی وجہ سے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ ان کے مطابق گاڑی میں مرد و خواتین سمیت کئی بچے سوار تھے، جو حج سے واپس آ رہے عزیزوں کو لینے ممبئی جا رہے تھے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ یہ واقعہ ایک خوشیوں سے بھرے سفر کو غم میں بدل گیا۔ عمیمہ یاسین کے جاں بحق ہونے پر خاندان اور اہل علاقہ شدید غمزدہ ہیں۔ سوشل میڈیا اور شہر کی فضا سوگوار ہے۔ 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے