مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مہاراشٹر، ریاست بھر میں پہلی سے دسویں جماعت تک کے طلباء کے لیے تعلیمی سال 2025-26 کا آغاز 16 جون سے ہونے جا رہا ہے، جس کے ساتھ ہی اسکولوں کے اوقات کار میں نمایاں تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے تحت چلنے والے اسکول اب صبح 7 بجے کے بجائے صبح 9 بجے کھلیں گے اور شام 4 بجے بند ہوں گے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق، صبح 9 بجے سے 9:25 تک طلباء کو پریکٹس یا تیاری کا وقت دیا جائے گا۔ اس کے بعد 9:25 سے 11:24 تک تین لیکچرز ہوں گے۔ 11:25 سے 11:35 تک مختصر وقفے کے بعد، دو لیکچرز 11:35 سے 12:50 تک جاری رہیں گے۔ درمیانی وقفہ 12:50 سے 1:30 بجے تک ہوگا، اور پھر دن کے آخری سیشن میں 1:30 سے 3:55 تک مزید لیکچرز ہوں گے۔ اختتام پر ’وندے ماترم‘ کی اجتماعی پیشکش کے بعد اسکول کا دن مکمل ہوگا۔
نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل والدین اور طلباء اسکول کی تیاریوں میں جٹے ہوئے ہیں۔ بک اسٹورز اور اسٹیشنری کی دکانوں پر رش بڑھ گیا ہے، جہاں نئے بیگز، نوٹ بکس، کتابیں اور پانی کی بوتلیں خریدی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ سی بی ایس ای بورڈ سے منسلک اسکول پہلے ہی 9 جون سے تعلیمی سرگرمیاں شروع کر چکے ہیں۔
جبکہ مہاراشٹر کے بیشتر علاقوں میں اسکول 16 جون کو دوبارہ کھلیں گے۔ تاہم ودربھ سمیت کچھ مخصوص اضلاع میں اسکول معمول سے کچھ تاخیر سے کھولے جائیں گے۔ گرمیوں کی تعطیلات اب اختتام پذیر ہو چکی ہیں، اور پورے مہاراشٹر میں اسکولوں کی گھنٹیاں ایک بار پھر علم کی دنیا کی جانب بچوں کے سفر کا آغاز کرنے والی ہیں۔
0 تبصرے