مالیگاؤں: آگرہ روڈ پر ایک اور دلخراش حادثہ، ایک نوجوان جاں بحق، شہریان کا انتظامیہ سے سخت اقدام کا مطالبہ


مالیگاؤں (ناؤ نیوز اپڈیٹ) عیدالاضحٰی کی تعطیلات کے دوران نیشنل ہائی وے پر ہونے والے دلخراش حادثات کے زخم ابھی تازہ ہی تھے کہ گزشتہ شب شہر کی اہم شاہراہ آگرہ روڈ پر ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس نے نہ صرف شہریوں کو رنج و غم میں مبتلا کردیا بلکہ انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق رات تقریباً بارہ بجے کے قریب آگرہ روڈ پر ایک تیز رفتار ہیوی مال بردار ٹرک کی زد میں آکر موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی سہارا اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک نوجوان عرفان شیخ (عمر 32 سال، رہائشی: شیخ دیوی کا ملہ) زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ اس کا ساتھی زیر علاج ہے۔

احسان شیخ کے مطابق، دونوں نوجوان سوپر مارکیٹ کے قریب اپنی موٹر سائیکل پر گزر رہے تھے کہ اچانک پیچھے سے آنے والے ہیوی ٹرک نے انہیں کچل دیا۔ واقعے کے فوری بعد ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، 
حادثے کے بعد عرفان شیخ کی لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ متوفی کے اہل خانہ اور مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قلب شہر میں ہیوی گاڑیوں کی آمد و رفت پر فوری اور مکمل پابندی عائد کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے اندوہناک واقعات کا تدارک ممکن ہو۔

احسان شیخ اور دیگر سماجی کارکنوں نے اس موقع پر پولیس، آر ٹی او اور میونسپل انتظامیہ سے پُرزور اپیل کی ہے کہ آگرہ روڈ پر بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر مستقل حل نکالا جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ پچھلے چند دنوں میں نیشنل ہائی وے اور آگرہ روڈ پر پیش آئے حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، وہیں کل شہید عبدالحمید (کسمباروڈ) پر پیٹرول ٹینک کی زدہ میں آکر ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ جس سے شہری حلقوں میں سخت تشویش پائی جارہی ہے۔ انتظامیہ کی خاموشی اب ناقابل قبول بنتی جا رہی ہے، اور عوام کسی بھی قیمت پر مزید جانوں کا نقصان برداشت کرنے کے موڈ میں نظر نہیں آرہی ہیں۔ 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے