مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) جرائم سے متاثر ایک حساس علاقے میں ڈائمنڈ ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ کے افتتاح نے نہ صرف تجارتی ترقی کی ایک نئی راہ ہموار کی ہے بلکہ علاقے میں امن، خوشحالی اور مثبت تبدیلی کی امید جگا دی ہے۔ جمعہ، 27 جون 2025 کو بعد نماز عصر اس ہوٹل کا باقاعدہ افتتاح عمل میں آیا، جس میں مقامی معززین، کاروباری شخصیات، اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن اور دعائیہ کلمات سے ہوا، جس کے بعد مہمانانِ خصوصی نے ہوٹل کا افتتاح کیا۔ شعیب چودھری سر، اسلم بھائی، رفیق بھائی اور ان کے رفقاء پر مشتمل منتظمین نے تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
منتظمین نے نمائندے ناؤنیوز سے بات کرتے ہوئے کہا"اس ہوٹل کا قیام صرف کاروباری مقصد کے لیے نہیں، بلکہ علاقے میں ایک مثبت پیغام دینے کی کوشش ہے کہ تبدیلی ممکن ہے۔ ہمارا مقصد عمدہ چائے، صاف ستھرا ماحول، اور باعزت مہمان نوازی فراہم کرتے ہوئے علاقے کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہے۔" جبکہ علاقے کے لوگوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہوٹل اس بات کی علامت ہے کہ جب نیت صاف ہو اور مقصد بھلا ہو تو کوئی بھی علاقہ خوشگوار تبدیلی کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔
منتظمین نے مزید بتایا کہ ڈائمنڈ ہوٹل نیشنل ہائی وے کے قریب اس لیے قائم کیا گیا ہے تاکہ ان افراد کو ایک محفوظ اور باوقار جگہ میسر آئے جو شام کے وقت تفریح یا چائے نوشی کی غرض سے ہائی وے کے کنارے بیٹھتے ہیں۔ ماضی میں یہاں کئی حادثات ہو چکے ہیں، لہٰذا اس ہوٹل کا قیام ایک احتیاطی قدم بھی ہے تاکہ لوگوں کو سڑک کے بجائے محفوظ مقام پر بیٹھنے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ ڈائمنڈ ہوٹل میں مختلف اقسام کی چائے، کافی، ملائی گھوٹہ، اور روایتی ناشتوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جو اسے اہل علاقہ کے لیے ایک منفرد اور معیاری جگہ بناتا ہے۔ ڈائمنڈ ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ، گیارہ ہزار کالونی روڈ، بفاتی پورہ، مالیگاؤں
0 تبصرے