مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) شہر مالیگاؤں کی مؤقر برادری جمیعت القریش نے ایک اہم اور بااثر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ہے۔ حال ہی میں منعقدہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں غیر قانونی گائے کی نسل کے جانوروں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ برادری کے ذمہ داران نے اس میٹنگ میں اتفاق رائے سے طے کیا کہ قریش برادری کا کوئی بھی فرد نہ تو گائے کی نسل کے ممنوعہ جانور خریدے گا اور نہ ہی ان کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث ہوگا۔ اعلامیہ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ اقدام قانون کی پاسداری، برادری کے نظم و ضبط، اور سماجی ہم آہنگی کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے۔
خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ
اعلامیہ کے مطابق اگر کوئی بیرونی فرد یا تنظیم غیر قانونی طریقے سے گائے نسل کے جانوروں کی خرید و فروخت کرتا ہوا پایا گیا، تو اس پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسی طرح اگر برادری کا کوئی رکن اس قانون شکنی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قریش برادری کی جانب سے سخت تادیبی اقدام کیا جائے گا۔
اطلاع دینے پر انعام
قریش برادری نے عوامی شعور بیدار کرنے کی ایک اہم کوشش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی شخص گائے نسل کے جانوروں کی غیر قانونی خرید و فروخت کی اطلاع فراہم کرتا ہے تو اسے ₹5000 (پانچ ہزار روپے) بطور انعام دیا جائے گا۔ برادری نے اس قدم کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور مذہبی و سماجی ذمہ داریوں کی ادائیگی کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ آخر میں برادری کی جانب سے ربّ کریم کا شکر ادا کرتے ہوئے دعا کی گئی کہ ہمیں اتحاد، بھائی چارے اور قانون کی مکمل پاسداری کے ساتھ زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔
0 تبصرے