ڈاکٹر ابوذر جیسے بلند پایہ ماہرین کی موجودگی ہمارے تعلیمی معیار کو مزید بلند کرتی ہے: رضوان عبدالمطلب سر
مالیگاؤں (پریس ریلیز) رائل یونیورسل اسکول (CBSE) عبدالمطلب کیمپس میں جاری سمر کیمپ کے آٹھویں روز طلبہ کو ایک علمی موقع نصیب ہوا جب ماہر تعلیم ڈاکٹر ابوذر انصاری نے "کمپیوٹر سائنس کی عصری اہمیت" کے عنوان سے خصوصی لیکچر دیا۔ ڈاکٹر ابوذر انصاری نے اپنے لیکچر میں جدید ٹیکنالوجی، کمپیوٹر پروگرامنگ، مصنوعی ذہانت (AI)، اور ڈیجیٹل دنیا کے تیزی سے بدلتے منظرنامے پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کمپیوٹر سائنس کو موجودہ دور کی ناگزیر ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ نوجوانوں کے لیے ترقی، جدت اور عالمی مواقع کے دروازے کھولتا ہے۔ لیکچر کے دوران طلبہ نے نہایت دلچسپی کا مظاہرہ کیا، سوالات کیے اور اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔ ڈاکٹر ابوذر انصاری نے طلبہ کے تمام سوالات کے تسلی بخش اور مدلل جوابات دیے، اور انہیں اس شعبے میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر خاتون ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر نے مہمان مقرر ڈاکٹر ابوذر انصاری کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ"ایسے علمی پروگرام طلبہ میں شعور و آگہی پیدا کرتے ہیں اور انہیں جدید علوم سے جڑنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔ ڈاکٹر ابوذر انصاری جیسے بلند پایہ ماہرین کی موجودگی ہمارے تعلیمی معیار کو مزید بلند کرتی ہے۔" واضح رہے کہ ڈاکٹر ابوذر انصاری کمپیوٹر سائنس اور مینجمنٹ کے میدان میں گراں قدر علمی پس منظر رکھتے ہیں۔ وہ بی ایس سی، ایم ایس سی، ایم فل، اور پی ایچ ڈی (کمپیوٹر سائنس) کے علاوہ سسٹمز میں پی جی ڈپلوما اور مینجمنٹ میں بھی پی ایچ ڈی کے حامل ہیں۔ ان کا تدریسی و تحقیقی سفر نئی نسل کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ طلبہ، اساتذہ اور منتظمین نے اس سیشن کو سمر کیمپ کا ایک یادگار اور مفید لمحہ قرار دیا۔
0 تبصرے