مالیگاؤں (پریس ریلیز) رائل یونیورسل اسکول (CBSE) میں جاری سمر کیمپ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ تقریب بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کی صدارت کل جماعتی تنظیم کے رکن عبدالعظیم فلاحی نے کی، جب کہ مرچنٹ نیوی کے افسر مومن مرتضٰی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، طلباء کی جانب سے تخلیقی اور تربیتی مظاہرے پیش کئے گئے۔ جن میں انہوں نے سمر کیمپ کے دوران حاصل کردہ مہارتوں کا عملی اظہار کیا۔ حاضرین نے طلباء کی کارکردگی کو سراہا، اور کیمپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
مرچنٹ نیوی کے افسر مومن مرتضٰی نے اپنے خطاب میں طلباء کی مہارت اور جذبے کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اسکول کے اشتراک سے جلد ہی ایک رائفل شوٹنگ ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں بچوں میں اعتماد، توجہ اور نظم و ضبط کو فروغ دیتی ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر ثمینہ سلیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسکول کے اس مثبت اقدام کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی شخصیت سازی اور ذہنی نشوونما کے لیے ایسے کیمپ نہایت اہم ہیں۔
اپنے خطاب میں عبدالعظیم فلاحی نے کہا کہ سمر کیمپس بچوں میں اعتماد، قیادت، نظم و ضبط اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی ہم نصابی تربیت پر بھی توجہ دیں تاکہ طلباء متوازن اور ہمہ جہت ترقی حاصل کر سکیں۔ تقریب کے اختتام پر شفیق سر نے تمام مہمانان، والدین، اساتذہ اور طلباء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر کی جانب سے بھی تمام شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ رائل یونیورسل اسکول آئندہ بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ اس نوعیت کے تربیتی و ہم نصابی پروگرامز کے انعقاد کے لیے پُرعزم ہے۔
0 تبصرے