منصورہ انجینئرنگ کالج میں RTOکے اشتراک سے ایک شاندار روڈ سیفٹی پروگرام


مالیگاؤں (پریس ریلیز)ہر انسانی جان انمول ہے۔ ایک چھوٹی سی لاپرواہی کسی کی زندگی چھین سکتی ہے اسی مناسبت سے انسانوں نے ہی راستہ چلنے کے کچھ اصول و ضوابط بنائے ہیں تاکہ ان اصولوں کی پاسداری کر کے انسان اپنی روزمرہ کی زندگی میں جان و مال کی حفاظت کرسکے ۔ ٹریفک حادثات میں ہر سال لاکھوں لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جس میں زیادہ تر نوجوان اور خاندان کے کفیل ہوتے ہیں۔

اسی کے پیش نظر مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے سیکریٹری راشد ارشد مختار کی ایماء پر ۲۱، جنوری ۲۰۲۵ء کو سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ منصورہ انجینئرنگ  کالج اور ریجنل ٹرانسپورٹ آفس مالیگاؤں (RTO)کے اشتراک سے سول سیمینار ہال میں روڈ سیفٹی کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کی  صدارت پرنسپل ڈاکٹر شاہ عقیل احمد، پالی ٹیکنیک پرنسپل ڈاکٹر محمد اظہر اور ڈین اکیڈمکس ڈاکٹر سلمان بیگ نے کی۔ سول انجینئرنگ  ڈیپارٹمنٹ  کے ہیڈپروفیسر یعقوب انصاری نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ مولانا مختار احمد ندوی کیمپس ہر سال اس طرح کے پروگرام منعقد کرتا ہے تاکہ طلباء و طالبات اور اسٹاف کے درمیان سماجی آگاہی پیدا کی جاسکے اس سال بھی روڈ سیفٹی پروگرام کا مقصد طلباء کو ٹریفک قوانین پر عمل کرنے اور حادثات سے بچاؤ کر طریقے سے آگاہ کرنا تھا۔


پروگرام کے دوران RTO آفیسر بھارت بھول اور ان کی ٹیم نے روڈ سیفٹی کے اصولوں ، ٹریفک قوانین اور حادثات سے نمٹنے کے طریقے طلباء و طالبات کو سکھائے۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال کو یقینی بنا کر بڑے حادثات میں بھی جان بچائی جا سکتی ہے ۔ تیز رفتاری، موبائل فون کے استعمال اور نشے کی حالت میں ڈرائیونگ سے اجتناب کریں۔ اسی طرح سڑکوں پر پیدل چلنے والوں بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کا خاص خیال رکھنا بھی ضروری ہے تا کہ وہ محفوظ طریقے سے سڑک پار کر سکیں۔ ساتھ ہی ساتھ حادثے کی صورت میں متاثرہ افراد کو بروقت طبی امداد کس طرح فراہم کی جائے اس پر تفصیلی معلومات دی۔ اس پروگرام کے انعقاد میں سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ ، کنوینرز ، کو آرڈینیٹر نے مرکزی کردار ادا کیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے