سیکولرازم کی بقاء کیلئے ہمیں چناؤ میں زیادہ سے زیادہ ووٹ فیصد بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے: مستقیم ڈگنیٹی
مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مالیگاؤں شہر میں سماجوادی پارٹی کی جانب پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ جس میں سماجوادی پارٹی کے مقامی زمہ داران نے لوک سبھا چناؤ سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سماجوادی پارٹی کے یوا نیتا مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ یوپی سمیت ملک بھر میں سب سے زیادہ سیٹ لڑانے والی سماجوادی پارٹی ہے اکھلیش یادو کانگریس کو ساتھ لیکر پوری ایمانداری سے چناؤ لڑ رہے ہیں۔ جس سے پورے ملک میں بی جے پی کیخلاف ناراضگی کا ماحول بنا ہوا ہے اور کانگریس کے حق میں رائے عامہ ہموار ہورہی ہیں ۔ مالیگاؤں کی عوام اس لڑائی کو ایک نظریہ کی لڑائی سمجھ کر لڑیں۔ فرقہ پرستی کیخلاف سیکولر ازم کی بقاء کیلئے ہمیں چناؤ میں زیادہ سے زیادہ ووٹ فیصد بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور ہند کی حفاظت کیلئے اس پارلیمنٹ چناؤ میں نہالی ورکر فلیڈ پر کام کرینگے۔ یادی وائز ووٹرز کو بیدار کرینگے ہماری کوشش یہی ہے کہ مالیگاؤں کا دبدبہ قائم رہے ۔ انہوں نے نعرہ دیا کہ "جڑے گا مالیگاؤں تو جیتے گا انڈیا"۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کانگریس کو ناراضگی بتانے کا یہ موقع نہیں ہے ۔ بہت جلد وہ موقع بھی آئے گا تب مالیگاؤں کی عوام کانگریس کو ناراضگی بتائے گی ۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ کس طرح حکمت عملی سے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھا جائے ۔ ہم اس کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے جارہے ہیں۔ اسلئے دھولیہ مالیگاؤں حلقہ پارلیمنٹ کی امیدوار ڈاکٹر شوبها تائی بچھاؤ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروانے کیلئے ہم زمینی سطح پر کوشش کرینگے۔ ووٹر لسٹ میں بی ایل اوز کے سبب الیکشن یادی میں خامیاں ہیں ہم اسے دور کرنے اور ووٹر کو سہولت دینے کیلئے بوتھ وائز کام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس امیدوار شوبها تائی بچھاؤ کی جیت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت دی ہے ۔ ہم بھی روز اول سے فرقہ پرستی کیخلاف مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں ۔ اس ضمن میں 17 مئی کو ایک جلسہ عام کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔
اس دوران سماجوادی پارٹی کی مقامی صدر شان ہند نہال احمد نے کہا کہ یہ چناؤ بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ ہمیں حکمت عملی سے چناؤ لڑنا ہے ۔ ہم نے شوبھا تائی بچھاؤ کے شوہر اور چاندوڑ کے سابق ایم ایل اے کوتوال سے رات میں ملاقات کی تو انہوں نے دھولیہ لوک سبھا حلقہ کی جو تفصیلات بتائی وہ کافی خوش آئند ہے لیکن ہمیں مالیگاؤں شہر سے زیادہ سے زیادہ ووٹ دینا ہے اور ایک خاموش حکومت عملی کے تحت چناؤ کو لڑنا ہے ۔ انہوں نے مذہبی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اسٹیج لگا کر کھل کر میدان میں آنے سے گریز کریں ۔ احتیاط کریں اور ایک خاموش حکمت عملی اپنائیں۔ ورنہ اگر مذہبی جماعتوں اور ملی تنظیموں نے میدان میں آکر اسٹیج لگا کر شوبھا تائی بچھاؤ کی حمایت کردی تو فرقہ پرست مذہبی جلسہ عام کی تصویری جھلکیاں اور ویڈیو کو مالیگاؤں آؤٹر و دیگر حلقہ میں بتا کر مذہبی منافرت پھیلائیں گے اور بھارتیہ جنتا پارٹی اسکا فائدہ اٹھا کر چناؤ لڑیگی ۔ جس سے سیکولر امیدوار شوبها تائی بچھاؤ کو کافی مشکلات کا سامنا ہوگا اور کہیں ایسا نہ ہو کہ مذہبی تنظیموں کی حمایت سے کانگریس امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن اقلیتوں کی حفاظت کیلئے ہے ملک کے حالات دس سالوں میں تبدیل ہوئے ہیں ۔ ہم نے امیدوار سے جو بات کی ہے اس میں بنکروں کے مسائل اور پاور لوم صنعت اور بجلی کمپنی کی تانا شاہی پر بات چیت کی شان ہند نہال احمد نے کہا کہ اگر کانگریس کی امیدوار کامیاب ہوتی ہے تو ہم نے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ آپ مالیگاؤں کی نمائندگی ایوان میں کریں ۔ ترقیاتی فنڈز سے مالیگاؤں کو بھی ترقی کی راہ پر لائیں ۔ شان ہند نے کہا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے ایوان اسمبلی میں مالیگاؤں کی نمائندگی نہیں ہوئی ہم امیدوار سے مالیگاؤں کی نمائندگی کا مطالبہ کررہے ہیں۔
0 تبصرے