مالیگاؤں: عائشہ نگر پولیس نے گھر پھوڑ چوری کا معمہ حل کر لیا، 2 ملزمان پولیس تحویل میں

 


12 ہزار 4 سو نقد رقم برآمد، عدالت نے 12 جون تک پولیس کسٹڈی کا حکم دیا

مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) عائشہ نگر پولیس اسٹیشن نے گھر پھوڑ چوری کے ایک اہم معاملے کو حل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ایک کم عمر لڑکے کے بھی واردات میں ملوث ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پولیس نے چوری شدہ رقم میں سے کچھ رقم بھی برآمد کر لی ہے۔

پولیس کے مطابق گناہ رجسٹرڈ نمبر 83/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) 2023 کی دفعہ 331(4) اور 305 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مدعی عادل السلام محمد امین (43 سال)، ساکن مدینہ آباد، مالیگاؤں، نے شکایت درج کرائی تھی کہ 6 جون 2026 کو صبح تقریباً 8:45 بجے سے 10:45 بجے کے درمیان نامعلوم افراد نے ان کے گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو کر پہلی منزل پر موجود لوہے کی گودریج الماری کھولی اور وہاں سے تقریباً 3 لاکھ 30 ہزار روپے نقد رقم چوری کر لی۔

معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے عائشہ نگر پولیس نے فوری تفتیش شروع کی۔ اے پی آئی سمبھاجی پاٹل اور تفتیشی ٹیم نے تکنیکی شواہد اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت شیخ بلال شیخ نعمان (ساکن مرچنٹ نگر) اور توفیق خان (ساکن مدینہ نگر) کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ ایک کم عمر لڑکے کے بھی واردات میں ملوث ہونے کی اطلاع ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ نقد رقم میں سے 12 ہزار 400 روپے برآمد کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید برآمدگی اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پیر 8 جون کو عائشہ نگر پولیس اسٹیشن کے اے پی آئی سمبھاجی پاٹل نے دونوں گرفتار ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا۔ سرکاری وکیل کی جانب سے مزید تفتیش اور برآمدگی کی ضرورت ظاہر کیے جانے پر معزز عدالت نے دونوں ملزمان کو 12 جون 2026 تک پولیس تحویل (پولیس کسٹڈی) میں بھیجنے کا حکم صادر کیا۔


عائشہ نگر پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ واردات میں دیگر افراد کے ملوث ہونے یا کسی اور جرائم سے تعلق کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا سکیں۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں کو طویل مدت تک خالی چھوڑنے کی صورت میں مناسب حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post