مقامی افراد کا فوری صفائی اور نکاسیٔ آب کا مطالبہ، احتجاج کی وارننگ
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں شہر کے گنجان آباد علاقے اسلام پورہ، انصار روڈ پر گٹر لائن بلاک ہونے کے باعث سڑکوں پر لال مائل گندا اور آلودہ پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے مقامی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑک پر پانی جمع ہونے کے سبب نہ صرف پیدل چلنے والوں بلکہ دو پہیہ گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہو رہی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے گٹر کا پانی سڑک پر بہہ رہا ہے اور صورتحال روز بروز سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ گٹر لائن کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث یہ مسئلہ پیدا ہوا ہے، جس سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔مقامی افراد نے بتایا کہ سڑک پر جمع لال مائل گندا پانی گھروں اور دکانوں کے سامنے مسلسل جمع رہتا ہے، جس کی وجہ سے روزمرہ زندگی دشوار ہو گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ لال مائل پانی علاقے میں قائم رنگاڑ کھاتے اور رنگائی کے کام سے وابستہ یونٹوں سے نکلنے کے باعث گٹر میں شامل ہو کر سڑکوں پر پھیل رہا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے خصوصاً نمازی، بزرگ افراد اور راہگیروں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پانی کے تعفن اور گندگی کے باعث صحت عامہ کے مسائل پیدا ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مقامی افراد نے کارپوریٹروں اور میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گٹر لائن کی صفائی کر کے نکاسیٔ آب کا مؤثر انتظام کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔
Tags
Urdu