مالیگاؤں (ناؤنیوز) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن حدود میں رہائش پذیر شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے پانی کے نل کنیکشن فوری طور پر ریگولر کروالیں۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اعجاز بیگ نے واضح انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن افراد نے غیر قانونی نل کنیکشن حاصل کیے ہیں اور انہیں اب تک قانونی طور پر رجسٹرڈ نہیں کروایا، وہ جلد از جلد رجسٹریشن درست کروائیں۔ بصورت دیگر قانونی کارروائی کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق، چند نپوری روڈ پر حال ہی میں تعمیر شدہ سیمنٹ کانکریٹ سڑک کو شام کے وقت کچھ افراد کی جانب سے ہتھوڑے اور ڈرل مشین کے ذریعے توڑ کر مین پائپ لائن سے غیر قانونی کنیکشن لینے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اطلاع ملتے ہی اعجاز بیگ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور غیر قانونی سرگرمی کی تصدیق کی۔
انہوں نے فوری طور پر قلعہ پولیس اسٹیشن کے پی آئی کو طلب کیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سعود نامی پلمبر کے آلات ضبط کر لیے۔ اس دوران اعجاز بیگ نے میونسپل کمشنر کو بھی فون پر آگاہ کیا، جس پر کمشنر نے متعلقہ حکام کو قلعہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی۔ اطلاعات کے مطابق پیر کے روز اس معاملے میں باضابطہ کیس درج کیا جائے گا۔
اعجاز بیگ نے مزید بتایا کہ اسی نوعیت کی شکایت سلامت آباد کے عوامی بیت الخلاء کے قریب بھی موصول ہوئی ہے، جہاں پائپ لائن کو نقصان پہنچا کر غیر قانونی کنیکشن لینے کی کوشش کی گئی۔ متعلقہ افراد کو وارننگ دے دی گئی ہے، اور آئندہ ایسی شکایات پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے شہریان سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی نل کنیکشن رکھنے والوں کی اطلاع میونسپل کارپوریشن کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جاسکے۔
0 تبصرے