محکمہ ایریگیشن، کارپوریشن و پولس انتظامیہ کی عوام سے اپیل، ندی کنارے آباد مکین ہوشیار رہیں
مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مالیگاؤں پاٹ بندھارے (آبپاشی) محکمہ نے گرنا، موسم اور آرم ندیوں میں مختلف ڈیموں سے پانی کا اخراج جاری رہنے کے پیش نظر ندی کنارے رہنے والے مکینوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پہلے سے باخبر اور تیار رہیں۔محکمہ کی جانب سے آج 31 جولائی دوپہر 2:00 بجے جاری کردہ اطلاع کے مطابق گرنا ندی میں چنکاپور ڈیم سے 10,746 کیوسک، پوند ڈیم سے 12,241 کیوسک اور ٹھینگوڑا ڈیم سے 9,740 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ اسی طرح موسم ندی میں ہرن باری ڈیم سے 3,128 کیوسک جبکہ آرم ندی میں کیلژر ڈیم سے 839 کیوسک پانی کا اخراج جاری ہے۔
محکمہ آبپاشی نے خبردار کیا ہے کہ اگر آئندہ گھنٹوں میں بارش کی شدت میں اضافہ ہوا تو ڈیموں سے پانی کے اخراج میں مرحلہ وار مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ایسی صورت میں ندیوں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے کا امکان ہے۔کارپوریشن و پولس انتظامیہ اور محکمہ ایریگیشن نے گرنا، موسم اور آرم ندی کے کنارے رہنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر ندی کے کنارے پر کوئی شخص، مویشی، گاڑی یا دیگر سامان موجود ہو تو اسے فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔
عوام سے غیر ضروری طور پر ندی کے قریب جانے سے گریز کرنے اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ مالیگاؤں پاٹ بندھارے محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئر نے متعلقہ انتظامی اداروں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تمام ضروری احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔اس تعلق سے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے چاروں پربھاگ آفیسران نے میونسپل کمشنر جادھو کی ہدایت پر عوام سے اپیل ہے کہ وہ ندی سے دور رہیں م، اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
