مالیگاؤں:چاقو کی نوک پر موبائل چھیننے کی واردات کا انکشاف، 24 موبائل فون برآمد، 3 لاکھ 48 ہزار کا مال ضبط

 


تین ملزمان اور ایک نابالغ گرفتار ،چھاؤنی پولس کی کارروائی،ایڈیشنل ایس پی کی پریس بریفنگ 

مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مالیگاؤں چھاؤنی پولس نے سٹانہ روڈ پر چاقو کی نوک پر راہگیروں سے موبائل فون چھیننے والے ایک پیشہ ور گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین ملزمان اور ایک نابالغ کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولس نے کارروائی کے دوران مختلف کمپنیوں کے 24 موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والی ایک بجاج پلسر موٹر سائیکل سمیت مجموعی طور پر 3 لاکھ 48 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا ہے۔پولس کے مطابق یہ واردات 11 جولائی 2026 کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے پیش آئی تھی۔ شکایت کے مطابق شنکر دلیپ پوار، ساکن پمپل گاؤں دابھاڑی، اپنی موٹر سائیکل پر سٹانہ روڈ سے گزر رہے تھے۔ بچھاؤ سرکل کے قریب ممتا سویٹ کے سامنے دو نامعلوم افراد نے انہیں روک کر چاقو دکھاتے ہوئے دھمکایا اور ان کے قبضے سے 12 ہزار 500 روپے مالیت کا ریڈمی کمپنی کا موبائل فون زبردستی چھین کر فرار ہو گئے۔

اس واقعے کے بعد چھاؤنی پولس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) 2023 کی دفعات 309(4) اور 3(5) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ جرم کی سنگینی کے پیش نظر پولس نے فوری طور پر تفتیش شروع کرتے ہوئے کرائم برانچ کو متحرک کیا اور خفیہ معلومات اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزمان کا سراغ لگایا۔پولس نے کارروائی کرتے ہوئے اتروا عرف بنٹی راجندر دھنواتے (22 سال، ساکن سٹانہ روڈ، مالیگاؤں)، پردیپ دادا جی ڈھیورے (18 سال، ساکن لکھماپور، تعلقہ سٹانہ )، پریم بھٹو دیورے (18 سال، ساکن کرانتی پھولے نگر، مالیگاؤں) اور ایک 17 سالہ نابالغ کو حراست میں لیا۔ پولس کے مطابق ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا۔

تفتیش کے دوران ملزمان کی جانب سے شہر میں موبائل چوری اور چھیننے کی متعدد دیگر وارداتوں کا بھی انکشاف ہوا۔ ان کی نشاندہی پر پولس نے ریڈمی، سیمسنگ، ویوو، ون پلس، پوکو، ریئل می اور جیو سمیت مختلف کمپنیوں کے 24 استعمال شدہ موبائل فون، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 58 ہزار روپے ہے، برآمد کیے۔ اس کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والی سیاہ رنگ کی بجاج پلسر 220 سی سی موٹر سائیکل (رجسٹریشن نمبر: MH-41-BZ-4681) بھی ضبط کر لی گئی، جس کی مالیت تقریباً 90 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 3 لاکھ 48 ہزار روپے کا سامان ضبط کیا گیا۔

پولیس نے شکایت کنندہ شنکر دلیپ پوار کا موبائل فون انہیں واپس کر دیا ہے جبکہ برآمد ہونے والے دیگر موبائل فون کے اصل مالکان کا پتہ لگانے کے لیے ان کی پولس تحویل پانچ دنوں کیلئے طلب کی گئی جس میں تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولس کے مطابق گرفتار نابالغ کو قانونی کارروائی کے تحت چلڈرنس ہوم بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ کارروائی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ناسک دیہی) ڈاکٹر ڈی ایس سوامی، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گنجال اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سدھارتھ باروال کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ کارروائی میں چھاؤنی پولس کے پولس انسپکٹر سبھاش سانپ، اسسٹنٹ پولس انسپکٹر یوگیش پاٹل، اے ایس آئی روہیداس ہیرے اور دیگر پولیس اہلکاروں نے اہم کردار ادا کیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post