سر پر پتھر سے حملہ کرکے قتل کیے جانے کا شبہ، پولیس ہر زاویہ سے تفتیش میں مصروف
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) شہر کے دریگاؤں علاقے میں عبدالمطلب پیٹرول پمپ کے پیچھے واقع دریگاؤں پہاڑی پر ایک 23 سالہ نوجوان کی خون آلود لاش ملنے سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ مقتول کی شناخت شیخ ضیاء شیخ ہارون ساکن دیوی کا ملہ کے طور پر کی گئی ہے، جو آگرہ روڈ پر پیٹرول پمپ کے قریب چکن ٹکہ کی دکان چلاتا تھا۔ اطلاعات کے مطابق مقامی افراد نے پہاڑی علاقے میں ایک نوجوان کی لاش پڑی ہونے کی اطلاع پوار واڑی پولیس کو دی، جس کے بعد پولیس فوراً موقع پر پہنچی۔ لاش کے قریب ایک موٹر سائیکل بھی کھڑی حالت میں پائی گئی، جس سے شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مقتول کو منصوبہ بند طریقے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
پولیس کو ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے نوجوان کے سر پر پتھر سے وار کرکے اسے بے دردی سے قتل کیا۔ جائے وقوعہ پر خون کے نشانات اور دیگر شواہد ملنے کے بعد پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت میں ابتدا میں دشواری پیش آئی، جس کے بعد پوار واڑی پولیس نے مقامی سطح پر سرگرم “ضیاء مسکان گمشدہ گروپ” کی مدد حاصل کی۔ گروپ کی کوششوں کے ذریعے نوجوان کی شناخت ممکن ہوسکی، جس کے بعد اہل خانہ کو اطلاع دی گئی۔ واقعے کی خبر ملتے ہی گھر اور علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مالیگاؤں کے نئے ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور پولیس افسران سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ پولیس نے فارنسک ٹیم کو طلب کرکے شواہد اکٹھا کرنے کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ قتل کی اصل وجوہات اور ملزمان تک جلد از جلد پہنچا جاسکے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم مقتول کے موبائل فون، کال ریکارڈ، دوستوں اور قریبی افراد سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ ساتھ ہی یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ قتل ذاتی دشمنی، لین دین یا کسی اور تنازع کا نتیجہ تو نہیں۔ فارنسک رپورٹ آنے کے بعد کئی اہم انکشافات سامنے آنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔اس دل دہلا دینے والے قتل کے بعد دریگاؤں اور اطراف کے علاقوں میں خوف و ہراس کا ماحول پایا جارہا ہے۔ پوار واڑی پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے باریک بینی کے ساتھ تفتیش کی جارہی ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرکے معاملے کا خلاصہ عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
Tags
Urdu