نیٹ یو جی 2026 ری ایگزام کی تاریخ کا اعلان: این ٹی اے


نئی دہلی: نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے NEET UG 2026 کے ری ایگزام کی تاریخ 21 جون مقرر کر دی ہے۔ 3 مئی کو لیا گیا امتحان پرچہ لیک کے الزامات کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس امتحان میں ملک بھر سے 22 لاکھ سے زائد امیدوار شریک ہوئے تھے۔ راجستھان اسپیشل آپریشنز گروپ (SOG) کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ امتحان سے قبل ایک مبینہ “گس پیپر” گردش میں تھا، جس کے کئی سوالات اصل پرچے سے مشابہ پائے گئے۔ معاملے کی تحقیقات اب سی بی آئی کر رہی ہے، جبکہ اب تک کم از کم سات افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

تعلیمی ماہرین نے طلبا کو مشورہ دیا ہے کہ باقی ایک ماہ کے وقت میں ذہنی دباؤ سے بچتے ہوئے صرف ریویژن، این سی ای آر ٹی کی کتابوں اور زیادہ سے زیادہ ماک ٹیسٹ پر توجہ دیں تاکہ امتحان میں اعتماد کے ساتھ شریک ہو سکیں۔

 واضح رہے کہ نیٹ یو جی ملک کا سب سے بڑا میڈیکل انٹری امتحان مانا جاتا ہے، جس کے ذریعے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، آیوش اور دیگر میڈیکل کورسز میں داخلے دیے جاتے ہیں۔ ہر سال لاکھوں طلبا اس امتحان میں شریک ہوتے ہیں۔ حالیہ پیپر لیک معاملے کے بعد حکومت اور این ٹی اے نے شفاف اور منظم امتحان کے انعقاد کا یقین دلایا ہے۔


Post a Comment

Previous Post Next Post