مالیگاؤں: 1200 کوریکس بوتل معاملہ، گجرات تک پھیلا نیٹ ورک بے نقاب، مکوکا کی تیاری



احمدآباد سے مالیگاؤں تک کوریکس سپلائی چین کا انکشاف

مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) شہر میں منشیات آور دوا کوریکس کی غیر قانونی سپلائی کے معاملے میں پولیس نے بڑی پیش رفت کرتے ہوئے گجرات تک پھیلے نیٹ ورک کا انکشاف کیا ہے۔ ڈی وائی ایس پی سدھارتھ بھروال نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پوار واڑی پولیس اسٹیشن کی حدود میں 26 فروری 2026 کو مقدمہ نمبر 50/2026 کے تحت کارروائی انجام دیتے ہوئے 1200 کوریکس بوتل ضبط کی گئی تھیں۔ اس معاملے میں پولیس نے پانچ ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔


تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ مال احمدآباد میں واقع “کیارہ فارماسیوٹیکل کمپنی” سے سپلائی کیا جاتا تھا، جبکہ وردھا کی دو میڈیکل اسٹوروں کے ذریعے اسے مالیگاؤں روانہ کیا جاتا تھا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مالیگاؤں سے ڈی وائی ایس پی کی خصوصی ٹیم گجرات کے وردھا روانہ ہوئی، جہاں دونوں میڈیکل اسٹوروں اور متعلقہ مقامات پر کارروائی انجام دی گئی۔ پولیس تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ کوریکس کی یہ کھیپ پہلے وردھا سے سورت پہنچتی تھی اور وہاں سے “فیروز” نامی شخص اسے مالیگاؤں لاتا تھا۔ پولیس اب اس پورے نیٹ ورک کے دیگر رابطوں اور ملزمین کی تلاش میں مصروف ہے۔


ڈی وائی ایس پی سدھارتھ بھروال کے مطابق اس معاملے میں مکوکا کے تحت کارروائی کی تیاری جاری ہے اور مقدمہ کی تجویز منظوری کیلئے آئی جی ناسک کے پاس بھیجی جائے گی، کیونکہ “سعید” نامی ملزم پر اس نوعیت کے 10 سے زائد مقدمات پہلے ہی درج ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات آور ادویات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی آئندہ بھی سختی سے جاری رہے گی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post