مالیگاؤں کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر عوامی سہولت کیلئے ہیلپ لائن نمبرات جاری
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) آن لائن فارمیسی کمپنیوں کی جانب سے گھروں تک دوا کی سپلائی اور مبینہ غیر قانونی ادویات کی فروخت کے خلاف مالیگاؤں، ناسک ضلع سمیت ملک بھر میں 20 مئی کو دوا فروشوں کی جانب سے 24 گھنٹے کی ہڑتال کی جائے گی۔ اس احتجاج کے سبب مالیگاؤں سمیت پورے ضلع میں 10 ہزار سے زائد میڈیکل اسٹور بند رہنے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں مالیگاؤں کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے صدر راجو گائیڈ نے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آل انڈیا آرگنائزیشن آف کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹس کی اپیل پر ریاست بھر کی 40 ہزار سے زائد دوا دکانیں 19 مئی کی رات 12 بجے سے 20 مئی کی رات 12 بجے تک مکمل طور پر بند رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس بند میں مالیگاؤں شہر کے تقریباً 2 ہزار میڈیکل اسٹور بھی شامل رہیں گے۔ راجو گائیڈ کے مطابق آن لائن فارمیسی پلیٹ فارمز کی جانب سے فرضی نسخوں، ممنوعہ اور نشہ آور ادویات کی فروخت میں اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث عوامی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کئی ای-فارمیسی کمپنیاں قوانین کی کمزور نگرانی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بغیر جسمانی تصدیق کے ادویات فراہم کر رہی ہیں، جبکہ روایتی دواخانے سخت حکومتی ضابطوں اور تجربہ کار فارماسسٹ کی نگرانی میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال سے جعلی ڈاکٹر نسخے تیار کیے جا رہے ہیں، جس کے ذریعے شیڈول ایچ ون کے تحت آنے والی ممنوعہ اور نشہ آور ادویات بھی آن لائن سپلائی کی جارہی ہیں۔ ایسے معاملات پر فوری روک لگانے کیلئے مرکزی حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں مالیگاؤں کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری دلیپ پاتھاڈے نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 12 لاکھ 50 ہزار دوا دکانیں اس احتجاج میں شامل رہیں گی۔ ریاست مہاراشٹر میں 40 ہزار سے زائد فارمیسی بند رہیں گی، جبکہ ناسک ضلع میں بھی بڑی تعداد میں میڈیکل اسٹورز بند رہنے کی وجہ سے عوام کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لئے مالیگاؤں کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر عوامی سہولت کیلئے ہیلپ لائن نمبرات بھی جاری کیے گئے ہیں تاکہ ضرورت مند مریضوں کو فوری ادویات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔
9822331586/9823722501 /9923280763
Tags
Urdu