کامیاب طلباء ملک و ملت کی ترقی کے لیے اپنی تعلیم جاری رکھیں: مولانا سید محمد امین القادری
ناؤنیوزاپڈیٹ (پریس ریلیز) مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کی جانب سے بارہویں جماعت (HSC) کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ ضلع ناسک اور بالخصوص شہر مالیگاؤں کے طلباء و طالبات نے اس سال بھی اپنی محنت کا لوہا منواتے ہوئے شاندار کامیابی درج کی ہے۔ اس تعلیمی دوڑ میں حراء انگلش میڈیم اسکول اینڈ جونیئر کالج، مالیگاؤں نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے صد فیصد (100%) رزلٹ دے کر اپنی قابلیت کو مزید روشن کیا۔
اس شاندار کامیابی پر آلِ رسول حضرت مولانا سید محمد امین القادری صاحب قبلہ(چئیرمین حراء انگلش میڈیم اسکول اینڈ جونیئر کالج مالیگاؤں) نے تمام کامیاب اسٹوڈنٹس، ٹیچرس اور ان کے والدین و سرپرست کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر آپ نے طلباء کو ناصحانہ مشوروں سے نوازتے ہوئے فرمایا کہ یہ کامیابی صرف ایک منزل نہیں بلکہ ایک طویل تعلیمی سفر کا آغاز ہے۔ طلباء اپنے تعلیمی سفر کو پوری لگن کے ساتھ جاری رکھیں اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں۔ پرنسپل حراء انگلش میڈیم اسکول اینڈ جونیئر کالج محترمہ سید شگفتہ قادری صاحبہ نے اسکول کے تعلیمی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صد فیصد (100%) رزلٹ اساتذہ کی انتھک محنت اور طلباء کی یکسوئی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے تمام کامیاب اسٹوڈنٹس کو ان کے روشن مستقبل کے لیے دعاؤں سے نوازا۔
حراء جونیئر کالج کے تمام طلباء کی کامیابی پر سنی دعوتِ اسلامی، مالیگاؤں کے تمام شعبہ جات کے اراکین اور مجلسِ شوریٰ نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ ذمہ داران نے اسکول کے ٹیچنگ اسٹاف، محنتی اساتذہ، اور والدین و سرپرست حضرات کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ شہر کے تعلیمی حلقوں میں حراء انگلش میڈیم اسکول اینڈ جونیئر کالج مالیگاؤں کی اس نمایاں کامیابی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ: حراء انگلش میڈیم اسکول اینڈ جونیئر کالج، مالیگاؤں (میڈیا ٹیم)
0 تبصرے